لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ نئی اسکیم کے تحت اب کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں پولیس اہلکاروں کو کیش لیس علاج ملے گا۔ اسکیم کافائدہ لینے کیلئے پولیس اہلکاروں کو اپنا شناختی کارڈ دکھاناہوگا۔ دیگر دستاویزوں کی جانچ کے بعد مریض کا رجسٹریشن کر لیا جائے گا۔ اسکیم میں رجسٹریشن سے لیکر جانچ، سرجری اور دوائیں وغیرہ سب کچھ مفت ملے گی۔ اسکیم کے تحت پولیس محکمہ اور کے جی ایم یو کے دوران ایم او یو (معاہدہ) کیا گیا ہے۔ اس کے تحت پولیس محکمہ نے چالیس لاکھ روپئے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے کھاتے میں جمع کئے ہیں۔ پولیس اور کے جی ایم یو کے درمیان معاہدہ ہوتے ہی یہ اسکیم نافذ ہو گئی ہے اور کل سے ہی پولیس اہلکار اس اسکیم کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس اسکیم میں سبکدوش ملازمین کو بھی شامل کیا گیاہے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل سنجے گاندھی پی جی آئی میں پولیس اہلکاروں کو کیش لیس علاج کی سہولیات مہیا تھی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وجے کمار نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے کنبہ کو کے جی ایم یو میں بغیر کسی خرچ کے علاج کی سہولیات مل سکیں گی۔ اس کے تحت انہیں پرائیویٹ وارڈ کی بھی سہولیات دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیلئے پولیس اہلکاروں کو ایک کارڈ جاری کیاجائے گا اس پر کے جی ایم یو میں علاج کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے بعد کے جی ایم یو میں مریض کا رجسٹریشن کر لیاجائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو اس زمرہ میں علاج کیلئے سافٹ ویئر میں الگ سے بندوبست کیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۹ ہزار بیسک گریڈ تنخواہ والے پولیس اہلکاروں کوپرائیویٹ وارڈکی سہولت ملے گی اور تیرہ ہزار سے کم والوں کو جنرل وارڈ کی سہولت ملے گی۔ پولیس اہلکاروں کی مدد کیلئے انسٹی ٹیوٹ میں ایک ملازم کی تعیناتی کی جائے گی جو محکمہ جاتی مریضوں کی مدد کرے گا۔ ڈاکٹر وجے کمار کے مطابق ابھی بی پی ایل مریضوں کو پیلے رنگ کا کارڈ استعمال ہو رہا ہے ۔اسی طرح پولیس اہلکاروں کے رجسٹریشن کارڈ الگ رنگ کے بنائے جائیں گے جس سے ڈاکٹر اور محکموں میں ان کی الگ پہچان رہے۔ ڈاکٹر کمار نے بتایا کہ اس کیلئے پولیس محکمہ نے کے جی ایم یو کو چالیس لاکھ روپئے پہلے ہی دے دیئے ہیں۔