لکھنؤ(نامہ نگار)جس طرح ریلوے میں اضافی چارج دینے پر ’تتکال اسکیم‘ میں ٹکٹ بک کیا جا سکتا ہے اسی طرح محکمہ توانائی میںصرف محض ۵۰۰ روپئے اضافہ چارج دے کر ایک ہی دن میں کنکشن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات دیگر ہے کہ گذشتہ پانچ برسوںمیں محکمہ نے آج تک اس زمرہ میں کوئی بھی کنکشن جاری نہیں کیا۔ چیف انجینئر لیسا ایس کے ورما خود بتاتے ہیں کہ ’تتکال‘ زمرہ میں کوئی کنکشن نہیں دیا گیا۔ توجہ دینے کے لائق بات یہ ہے کہ انجینئروںکو یہ معلوم ہی نہیں کہ آخر اس زمرہ کے تحت کنکشن کیلئے کس طرح درخواست دی جا سکتی ہے۔
۰۹-۲۰۰۸ء میں ریگولیٹری کمیشن نے ٹیرف میں یہ بندوبست کیا کہ صارفین چاہیں تو اضافی چارج ادا کر کے تتکال کے تحت ایک ہی دن میں بجلی کنکشن حاصل کر سکتے ہیں۔ کمیشن نے یہ سہولت صرف ’ایل ایم وی-۱، ایل ایم وی-۲، ایل ایم وی-۹ ‘ زمرے کے صارفین کو دی۔اس زمرے میں بالترتیب گھریلو، کامرشیل اورعارضی جیسے پٹری دکاندار، شادی وغیرہ اور عمارت تعمیر وغیرہ کو شامل کیا گیا تھا۔ محکمہ میں پھیلی بدعنوانی کے سبب اس اسکیم کی تشہیر نہیں کی گئی نتیجہ یہ ہوا کہ عوام کو یہ معلوم ہی نہیں ہو سکا کہ محکمہ میں اس طرح کی بھی کوئی اسکیم ہے جس کا وہ فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔
بدعنوانی ہے اصل سبب
محکمہ توانائی میںنئے بجلی کنکشن حاصل کرنے کیلئے سب سے زیادہ رشوت خوری ہوتی ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ بجلی محکمہ میں گھریلو صارفین کو بجلی کنکشن کیلئے ایک ہزار روپئے فی کلو واٹ سہولت فیس ادا کرنا پڑتی ہے جبکہ کامرشیل زمرہ میں یہ فیس بڑھا دی جاتی ہے۔ اسی ناجائز آمدنی کے سبب انجینئر اور ملازمین نہیں چاہتے ہیں کہ کوئی بھی صارف اس اسکیم کے تحت کنکشن کی مانگ کرے۔
انجینئروں کو علم ہی نہیں
لیسا کے نصف درجن انجینئروں سے گفتگو کے بعد پتہ چلا کہ انہیں صرف اتنا معلوم ہے کہ ٹیرف بک لیٹ میں اس طرح کے کنکشن کا بندوبست ہے۔ انہیں یہ نہیںمعلوم کہ اس زمرہ میںکنکشن لینے کیلئے عوام کو کیا کرنا ہوگا۔ انجینئر کہتے ہیں کہ صارف زبانی طور سے یہ کہہ سکتا ہے کہ اسے تتکال زمرے میں کنکشن چاہئے اور اسے دے دیا جائے گا۔ دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر اول اور ایگزیکٹیو انجینئر کامرشیل امت شریواستو کا کہنا ہے کہ اس زمرہ کیلئے بھی معمول کا عمل ہی اختیار کیاجاتا ہے۔ چیف انجینئر لیسا کا کہنا ہے کہ اس زمرے میں کنکشن حاصل کرنے کیلئے فارم کے ساتھ ایک درخواست دینا ہوگی جس میں صارف اس زمرہ میںکنکشن دیئے جانے کی تحریری مانگ کرے گا۔ ایگزیکٹیو انجینئر درخواست پر حکم جاری کریں
گے جس کے بعد ہی اس زمرے میں اضافی فیس لے کر ۲۴گھنٹے میں کنکشن جاری کیاجائے گا۔
مستقل بجلی کنکشن کی فیس
سنگل فیز گھریلو ۵۰۰روپئے فی کنکشن، سنگل فیز کامرشیل۷۵۰روپئے فی کنکشن، تھری فیز گھریلو ۷۵۰ روپئے فی کنکشن، تھری فیز کامرشیل ایک ہزار روپئے فی کنکشن۔
عارضی بجلی کنکشن
سنگل فیز ۷۵۰روپئے فی کنکشن، تھری فیز ایک ہزار روپئے فی کنکشن۔