لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست میں ۲۰۱۷ء میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کو لیکر خواب دیکھ رہی بی جے پی کو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پارلیمانی حلقوں سمیت ریاست میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ریاست میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بی جے پی حمایت یافتہ تمام امیدواروں کو شکست کا منھ دیکھنا پڑا ہے۔ بی جے پی کے
انتخابی نشان پر لڑ رہے دو امیدوار متھرا میں اور ایک امیدوار آگرہ میں فتح حاصل کر سکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی اور مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کی پارلیمانی نشست لکھنؤ کے تحت آنے والے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بی جے پی کا پتہ صاف ہو گیا ہے۔ وارانسی میں بی جے پی حمایت حاصل تمام ساتوں امیدوار شکست کھا چکے ہیں،وہاں تمام نشستیں آزاد امیدواروں نے جیت لی ہیں۔ ریاست کی راجدھانی لکھنؤ میں بی جے پی کو شرمناک حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں بی جے پی کے حمایت یافتہ امیدوار تمام آٹھوں نشست پر شکست کھا چکے ہیں۔ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے جب بی جے پی نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں سنجیدگی سے حصہ لیا ہے۔
ریاستی بی جے پی صدر لکشمی کانت باجپئی نے ورانسی، لکھنؤ، کانپور اور کچھ دیگر شہروں میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں انتخابی تشہیر کی تھی۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیٹے پنکج سنگھ نے بھی لکھنؤ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بی جے پی کے امیدواراوں کی حمایت میں جم کر انتخابی تشہیر کی تھی۔ حیرت والی بات یہ رہی کہ لکھنؤ میں وارڈ چھ سے خطرناک مجرم سلیم شوٹر کی بیوی انجم آرا نے فتح حاصل کر لی ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کیلئے ووٹنگ کل ہوئی تھی جن کے نتائج کا اعلان آج کیا گیا۔
بی جے پی اس مایوس کن مظاہرہ سے مایوس ہے۔ پارٹی عہدیداروں کا بی جے پی نے جائزہ جلسہ طلب کیا ہے۔
راجدھانی لکھنؤ میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بی جے پی امیدواروں کو سبھی ۸ وارڈوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کنٹونمنٹ کے وارڈ نمبر ایک میں جگدیش پرساد نے دینا ناتھ کو ۳۲۶ ووٹوں سے ہرایا۔ جگدیش پرساد کو ۱۰۷۵، اور دینا ناتھ کو ۷۴۴ ووٹ ملے ۔ وارڈ ایک میں بی جے پی امیدوار دیپک کمار کو ۱۵۵ ووٹ ملے ۔اسی طرح سے وارڈ نمبر دو میں پرمود کمار شرما نے مہندر اگروال کو ۶۱۱ ووٹوں سے ہراکر قبضہ کر لیا۔ پرمود شرما کو ۱۶۷۵، اور مہندر اگروال کو ۱۰۶۱ ووٹ ملے۔ وارڈ نمبردو کے انتخاب میں بی جے پی کے سادھنا جگی کو ۵۹۶ ووٹ ملے۔
کنٹونمنٹ کے وارڈ نمبر تین میں روپا دیوی نے انوپ کمار کو ۴۳۰ ووٹوں سے ہرایا۔ روپا دیوی کو ۶۳۹ ووٹ ملے اور انوپ کمار کو ۲۰۹ ووٹ حاصل ہوئے۔ تین نمبر وارڈ میں بی جے پی امیدوار وکاس کمار کو ۶۸ ووٹوںسے اطمینان کرنا پڑا۔ وارڈ نمبر چار سے سواتی یادو نے ۷۷۵ ووٹ پاکر فتح حاصل کی۔ یہاں سے پریا یادو کو۳۳۵ ، اور بی جے پی کی نندنی کو ۲۲۸ ووٹ حاصل ہوئے۔ کنٹونمنٹ کے وارڈ نمبر ۵ میں امت شکلا نے آکاش چوپڑا نے ۱۰۶۰ ووٹوں سے شکست دی۔ وارڈ نمبر ۵ میں بی جے پی حمایت یافتہ رمیش چندر کو ۱۹۶ ووٹ حاصل ہوئے۔ وارڈ نمبر چھ میں انجم آراء ۱۴۰۶ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہیں۔ یہاں سے پونم پانڈے کو ۱۲۰۹ ووٹ ملے۔ وارڈ نمبر ۷ سے سنجے ویش ۲۰۶۰ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے۔ یہاں سے رخسار کو ۱۳۰۳ووٹ ملے۔ بی جے پی امیدوار رام چندر کو ۳۹ ووٹوں سے اطمینان کرنا پڑا۔ وارڈ نمبر ۸ سے رینا سنگھانیہ کاماب رہیں انہیں ۲۰۰۱ ووٹ ملے جبکہ سریتا مشرا کو ۹۹۵ ووٹ حاصل ہوئے۔ وارڈ نمبر ۸ سے بی جے پہ حمایت حاصل اندرا شرما کو محض ۳۶ ووٹ ہی ملے۔