کانپور(نامہ نگار)غیر قانونی شراب کے خلاف کانپورپولیس کے ذریعہ شروع کی گئی مہم کے تحت گذشتہ چوبیس گھنٹوںمیں پولیس نے ۳۲۰لیٹر غیر قانونی شراب ، ۴۹۵لیٹر خام شراب اور ریپر برآمد کئے ہیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی شراب کی ۶بھٹیوں کومنہدم کردیا گیا ہے ۔کانپور پولیس کے ایس ایس پی شلبھ ماتھر کی ہدایت پرکانپورمیں غیر قانونی اورنقلی شراب کے خلاف مہم شروع کی گئی تھی۔اس سلسلے میں پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹہ کے دوران ایس پی سٹی ،ایس پی مغرب، ایس پی دیہات کی قیادت میںغیر قانونی شراب کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے ۔کلیان
پورعلاقے میںواقع سی ٹی ایس بستی شراب بنانے کی دوبھٹیوں کومنہدم کردیا گیا اورتقریباً ۳۲۰لیٹرشراب اور اس کوتیارکرنے والے آلات بھی برآمد کئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ گھاٹم پورکے مضبوط نگرعلاقے میں غیر قانونی شراب بنانے کی بھٹی کے بارے میں معلوم ہوا۔ چھاپے کے دوران فیکٹری سے ۴۹۵کواٹر شراب، پیکنگ مشین ،نقلی ریپر،اوردیگرآلات برآمد کئے گئے ہیں۔ فیکٹری کے مالک ٹیٹو کوگرفتارکرلیاگیا ہے۔اس کے علاوہ بلہور اورچوبے پورمیںبھی غیر قانونی شراب کوضبط کرلیا گیا ہے ۔ترجمان کے مطابق شراب کی دوکانوں پربھی چھاپہ ماراجارہا ہے اور اسٹاک کی جانچ کی جارہی ہے ۔انھوںنے بتایا کہ غیر قانونی شراب کے خلاف پولیس کی مہم جاری رہے گی۔