لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی نے آج بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں انارکی اور بدامنی پیدا کرنا ، خیر سگالی بگاڑنا اور قانون ہاتھ میں لینا بھی بی جے پی کا ایجنڈا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مسلسل ریاستی حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ایک ہفتہ کیلئے غیر ملکی دورہ پر جاتے ہیں
تو ان کا انہیں لوگوں کے ذریعہ استقبال کیا جاتا ہے لیکن وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو دو تین دن کیلئے بھی غیر ملکی دورہ پر گئے ہیں تو بی جے پی ان پر الزام لگانے سے باز نہیں آتی ہے۔ مسٹر چودھری نے کہاکہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ریاست کی ترقی کیلئے محنت کر رہے ہیں اور پوری ایمانداری سے ریاست کی ترقی کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اترپردیش کو اتم پردیش بنانا چاہتے ہیں لیکن بی جے پی کے لیڈران اس میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے فرقہ پرستی اور تشدد کا سہارا لے رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی ترجمان نے کہا کہ ریاست میں سماجی خیر سگالی سے بی جے پی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بی جے پی لیڈر خاص طور پر اس پارٹی کے ریاستی صدر انتظامی افسران کو دھماکر انتظامیہ کوخوفزدہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ نوئیڈا اور مرادآباد میں بی جے پی نے بد امنی، انارکی پیدا کرنے کا کام کیا ہے۔ اجودھیا، متھرا، مرادآباد، مظفرنگر، سہارنپور اور دیو بند میں بھی بی جے پی نظم و نسق کودرہم برہم کرنے کی کوشش کی۔ بریلی میں انارکی کو ہوا دینے میں بھی بی جے پی پیش پیش رہی ہے۔ لیکن سماج وادی حکومت کے وزیر اعلیٰ کی سنجیدگی کی وجہ سے بی جے پی اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔