کولکاتا۔سابق ہندوستانی کپتان سوربھ گنگولی نے کہا کہ ہندوستان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اگلے ماہ سے ہونے والے عالمی کپ میں خطاب کے دفاع کا دعویدار ہے۔ گنگولی نے یہاں ایک پروگرام سے الگ نامہ نگاروں سے کہا ہندوستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا کافی اچھا موقع ہے۔ میں یہ بات صرف اس لئے نہیں کر رہا ہوں کہ یہاں میڈیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ جب بھی آپ ون ڈے کرکٹ کھیلتے تو ہمیشہ ہندوستان کے پاس موقع ہوتا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف حال میں ٹسٹ سیریز کے دوران اگرچہ ہندوستانی گیند بازوں کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی ہو لیکن گنگولی نے کہا کہ ون ڈے میں ہندوستان کے پاس کافی اچھا موقع ہے۔انہوں نے کہابلے بازی دیکھئے۔ ان کی بلے بازی آرڈر مضبوط ہے۔ اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ ٹسٹ کرکٹ سے آسان ہے اس لئے گیند باز بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ
کریں گے۔
گنگولی نے کہا کہ ہندوستان کی عالمی کپ ٹیم بہترین ممکنہ ٹیم ہے۔ سابق ہندوستانی کپتان نے کہامیں نے پہلے بھی کہا ہے کہ فی الحال یہ بہترین ممکنہ ٹیم ہے۔ اب اسے اچھا کھیلنا ہوگا۔ وہ ٹسٹ کے مقابلے میں کہیں بہتر ون ڈے ٹیم ہے۔ گنگولی نے ساتھ ہی کہا کہ سڈنی میں سہ رخی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں تین وکٹ کی شکست کے باوجود انگلینڈ بھی خطاب کا دعویدار ہے۔