میلبورن۔ہندوستان کے خلاف سہ رخی ون ڈے کرکٹ سیریز کے دوران روہت شرما سے تیکھی بحث کی وجہ سے آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے لیکن انہوں نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی بلے باز کو انگریزی بولنے کیلئے کہہ رہے تھے۔ وارنر نے ایک ریڈیو انٹرویو میں بتایا کہ کل کے میچ کے بعد ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحث میں پڑنا صحیح نہیں تھا لیکن انہوں نے کہا کہ روہت کو انگریزی میں بولنے کیلئے کہہ کر انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی۔ا
ن کے درمیان بحث ہندوستانی اننگز کے 23 ویں اوور کے آخری میں ہوئی جب روہت اوورتھرو پر ایک رن کیلئے دوڑے تھے۔وارنر نے کہاجب کیپر کی جانب گیند پھینکی جاتی ہے اور وہ کسی کھلاڑی کو لگتی ہے تو آپ رن نہیں بھاگتے۔ لڑکوں نے اس سے کچھ کہا اور جب میں کچھ کہنے گیا تو اس نے اپنی زبان میں کچھ کہا تو میںنے کہا کہ انگریزی میں بولو تاکہ میں سمجھ سکوں۔انہوں نے کہا میں نے کوئی غلطی نہیں کی۔ اس نے انگریزی میں بولا جو میں بتا نہیں سکتا کہ کیا تھا۔ اگر وہ ہندی بولتا رہا تو میں اسے بار بار انگریزی میں بولنے کیلئے کہوں گا۔
آئی سی سی نے کل اس بحث کے لئے مجھ پر جرمانہ لگایا۔وارنر نے کہاکہ روہت کو ایک رن نہیں بھاگنا چاہئے تھا کیونکہ گیند اس کے پاؤں سے ٹکراکر گئی تھی۔ انہوں نے کہا وکٹ کیپر نے کہا کہ گیند اس لگی ہے۔ مجھے بھی ایسا لگا لہذا میں اس کی طرف گیا۔ وہ مجھ سے کچھ کہہ رہا تھا تو میں نے اسے انگریزی میں بولنے کیلئے کہا۔وارنر نے کہا مجھے ایک کھلاڑی سے بحث کیلئے جرمانہ جھیلنا پڑا کیونکہ آپ میچ کے دوران کسی کھلاڑی سے اس طرح بحث نہیں کر سکتے۔ یہ اوورز کے درمیان میں ہوا تھا جس وقت مجھے اپنی فیلڈنگ پوزیشن پر رہنا چاہئے تھا۔آسٹریلوی ٹیم نے سست گیند بازی بھی کی جس سے اننگز کے درمیان میں وقفہ چھوٹا کرنا پڑا۔ وارنر نے کہا اگر کپتان جارج بیلی پر ایک میچ کی پابندی لگتا ہے تو کوچ کافی مایوس ہوں گے۔ کپتان کو معطل نہیں کیا جانا چاہئے چونکہ یہ ہماری غلطی تھی۔