لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ علی گنج سے اپنی بہن کو عالم باغ بس اسٹیشن چھوڑنے جا رہے ایل ایل بی طالب علم کی ایکٹیوا گاڑی بے قابو ہوکر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں طالب علم کی ٹراما سینٹر میں موت ہو گئی۔ وہیں علی گنج علاقہ میں بھی ایک بزرگ کی سڑک حادثہ میں موت ہو گئی۔ علی گنج کے کیندرانچل کالونی کے رہنے والے پی ڈبلیو ڈی میں تعینات ملازم وریندر رام پاسی کا بیٹا تیس سالہ امبر سروج رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ سے ایل ایل بی تیسرے برس کا طالب علم تھا۔ دو شنبہ کی صبح تقریباًساڑھے چار بجے وہ اپنی ایکٹیو اسے بہن بے بی کو چھوڑنے کیلئے اسٹیشن گیا تھا۔
بے بی کی سسرال ضلع غازی پور میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عالم باغ بس اسٹیشن کے سامنے وہ ڈیوائڈر سے ٹکرا گیا۔ حادثہ میں اس کے سر میں شدید چوٹ لگی۔ زخمی حالت میںاس کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ علی گنج کے تروینی نگر کے رہنے والے ۷۳ سالہ آئی ٹی آئی سے سبکدوش ٹیچر رامانند شرما دو شنبہ کی صبح ۸ بجے ایک اسکوٹر سے آشرم جا رہے تھے۔ علی گنج پرنیا چوراہے کے نزدیک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے ان کی اسکوٹر میں ٹکر مار دی۔ حادثہ میں رامانند شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ ان کو علاج کیلئے ٹراما سینٹرمیں داخل کرایا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔ وہیں ملیح آباد کے فریدی پور گاؤں میں تیز رفتار پک اپ نے موٹر سائیکل میں پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثہ میں موٹر سائیکل سوار فرید پور باشندہ گیان سنگھ اور سرسواں کا رہنے والا اس کا ساتھی سروج شدید طور پر زخمی ہو گئے۔اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے دونوں کو زخمی حالت میں داخل کرایا ۔