لکھنؤ(نامہ نگار)رائٹر سیف گارڈ کیش سیکورٹی وین سے غائب ہوئے ۱ء۵۳ کروڑ روپئے کے معاملہ میں دوشنبہ کو سروجنی نگرواقع ہوائی اڈہ کے نزدیک روپئے کا باکس لاوارث حالت میںملا۔ باکس سے روپئے غائب تھے۔
ایس پی مغرب اجے کمار مشر نے بتایا کہ ہوائی اڈہ کے لاوا بازار علاقہ میں دوشنبہ کی صبح وین سے غائب کیا گیا باکس لاوارث حالت میں پڑا پایا گیا۔ باکس ملنے کی خبر پا کر موقع پر سروجنی نگر پولیس پہنچی اور اس کی اطلاع قیصر باغ پولیس کو دی۔ وین سے غائب باکس ملنے کی اطلاع ملتے ہی انسپکٹر قیصر باغ آربی ساہو بھی موقع پرپہنچ گئے۔ قیصر باغ پولیس کی تفتیش کیلئے موقع پر فورنسک ٹیم کو بھی طلب کر لیا۔ فورنسک ٹیم کی تفتیش کے بعد باکس کو قیصر باغ پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باکس کی تفتیش کے سلسلہ میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ بکسے کا تالا ٹوٹا نہیں بلکہ کھولا گیا تھا۔ تالا کھلے ہونے کی بات پولیس کے حلق سے اتر نہیں رہی ہے، اگر چوروین سے باکس کو چوری کر لے گئے تو ان کے پاس باکس کھولنے کیلئے کنجی کہاں سے آئی؟ اب اس بات کا اندیشہ اور پختہ ہوتاجا رہا ہے کہ وین سے روپئے سے بھرا باکس غائب ہونے کی اس پوری واردات میں کہیں نہ کہیں کسی ملازم کا ہاتھ ہے۔ فی الحال پولیس کو وین سے غائب باکس تو مل گیا ہے ل
یکن ابھی تک روپئے اور روپئے غائب کرنے والے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔