بریلی(نامہ نگار)ٹرانسپورٹر کے گھر ڈاکہ ڈال کرفرار ہورہے بدمعاش کوایک ڈیری مالک کے ذریعہ پکڑ لئے جانے پرڈاکونے اس کوگولی ماردی اوراپنے ساتھیوںکے ساتھ فرار ہوگیا جس سے اس کی موقع پرہی موت ہوگئی ۔اطلاع پاکرپہنچی پولیس نے لاش کوپوسٹ مارٹم کیلئے بھیجنے کے بعد بدمعاشوںکوپکڑنے کی کوشش شروع کردی ہے۔
بہیڑی تھانہ حلقہ کے محلہ بازار نئی بستی لائن پار کے رہنے والے ٹرانسپورٹر عتیق کے گھرڈاکہ ڈال کربھاگ رہے بدمعاشوں کو عتیق کے پڑوس میںہی رہنے والے ڈیری مالک بابو نے پکڑلیا۔خود کوچھڑانے کیلئے بدمعاشوںنے انھیں گولی ماردی۔ جس سے ان کی موقع پرہی موت ہوگئی ۔بدمعاش بھاگنے میں کامیاب رہے ۔ گذشتہ شب عتیق کے گھرمیں تقریباً نصف درجن بدمعاش داخل ہوگئے اور اسلحہ کے دم پرکنبہ والوںکویرغمال بناکربدمعاشوںنے الماریوںکی چابیاں چھین کرسونے چاندی کے زیورات سمیت تقریباً پچیس لاکھ روپے کامال لوٹ لیا۔اس کے بعد بدمعاش مکان کادروازہ کھول کربھاگ نکلے ۔جیسے ہی وہ بابو کے گھر کے سامنے سے گذرے بابو نے سمجھا کہ بدمعاش بندھے جانوروںکی چوری کرنے کے ارادے سے آئے ہیں تب انھوںنے ا پنے ساتھی عمران کے ساتھ ایک بدمعاش کوپکڑلیا۔ باقی بدمعاشوںنے اپنے ساتھی کوچھڑانے کیلئے بابو پرفائر کردیا۔ لوگو گولی کی آواز سن کرموقع پرپہنچے لیکن تب تک بدمعاش فرار ہوگئے تھے۔ بابو کی موقع پرہی موت ہوگئی اورکچھ دیر بعد عتیق بھی اپنے بندھن چھڑا کروہاں پہنچے اورلوگوں
کوواردات کی اطلاع دی۔موقع پرپہنچ کرپولیس نے بابو کی لاش کوپوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا اورمعاملے کی تفتیش شروع کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ دن قبل عتیق کے گھر کے پاس کچھ نامعلوم لوگوں کوٹہلتے دیکھا گیا تھا۔بازار سے لوٹتے وقت عتیق نے انھیں ٹوکا بھی تھا۔