لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گومتی نگر کے ورام کھنڈ میں رہنے والے سیلس ٹیکس محکمہ میں تعینات افسر، ان کے بیٹے سمیت چھ لوگوں پر ان کی بہو نے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ خاتون نے اپنے شوہر، خسر پر جہیز استحصال، غیر فطری عمل اور قتل کی کوشش جیسی سنگین دفعات میں خاتون تھانہ میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس نے خاتون کی یہ رپورٹ عدالت کے حکم کے بعد درج کی ہے۔
جانکی پورم کی رہنے والی متاثرہ کا کہنا ہے کہ جنوری ۲۰۱۴ء میں اس کی شادی گومتی نگر ورام کھنڈ کے رہنے والے سیل ٹیکس افسر کے بیٹے سے ہوئی تھی۔ خاتون کا الزام ہے کہ شادی کے دن ہی اس کے شوہر نے اس کے ساتھ غیر فطری عمل کیا۔ اس نے جب مخالفت کی تو اس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ۔اس کے بعد شوہر اور سسرال والے خاتون سے تیس لاکھ روپئے جہیز کا مطالبہ کرنے لگے۔ خاتون نے اپنے سسرال والوں پر بھی اس کے ساتھ زبردستی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خاتون نے اپنے شوہر، خسر، نند سمیت چھ لوگوں پر کافی سنگین الزامات عائد کئے ہیں،اس کا کہنا ہے کہ اس نے اس بات کی شکایت کئی مرتبہ پولیس سے کی لیکن خسر کے رسوخ کے سبب پولیس نے اس کی ایک بار بھی مدد نہیں کی،اس کے بعد انصاف کی امید میں متاثرہ خاتون عدالت کی پناہ میں پہنچی۔ عدالت نے خاتون کی بات سننے کے بعد خاتون تھانہ کو رپورٹ درج کرنے کا حکم دیا۔اس معاملہ میں دو شنبہ کو متاثرہ خاتون کی تحریر پر اس کے شوہر، خسر، نند سمیت چھ لوگوں کے خلاف جہیز استحصال، مار پیٹ ، جان سے مارنے کی دھمکی، قتل کی کوشش اور غیر فطری عمل کی دفعات کے تحت رپورٹ درج کر لی ہے۔