نئی دہلی ،21جنوری (یو این آئی )یوویورپی یونین نے ہندوستانی آموں کی درآمد پر گزشتہ نو ماہ سے عائد پابندی ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے ۔ یورپی کمیشن کی طرف سے منگل کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ رواں سال مارچ کے مہینے سے شروع ہونے والے
درآمدی سیزن سے ہندوستانی آموں کی درآمد کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔ تاہم یورپی یونین کے اعلیٰ حکام کے مطابق ہندوستان سے برآمد کی جانے والی سبزی گھیا، بینگن اور خاص قسم کے کھیرے کی برآمد پر لگی پابندی برقرار رہے گی۔ یاد رہے کہ برسلز نے گزشتہ برس مئی کے مہینے میں ہندوستانی سبزیوں اور پھلوں کی 207 کھیپوں پر یہ کہہ کر پابندی عائد کی تھی کہ ان میںکیڑے پائے گئے تھے۔ واضح رہے کہ ہندوستان دنیا بھر میں آم برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اس نے یورپی یونین کے فیصلے کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں چیلنج کرنے کی دھمکی دی تھی۔