لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کینٹ رکن اسمبلی ڈاکٹر ریتا بہوگناجوشی نے بدھ کو عالم باغ میں ۱۰۰بستروں والے اسپتال کی تعمیر
کیلئے سول ڈیپو عالم باغ اور خاتون اسپتال کا دورہ کیا۔ چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ایس این ایس یادو کے ساتھ معائنہ کیلئے پہنچیں ڈاکٹر جوشی نے کہا کہ اسپتال بننے کے بعد لاکھوں لوگ سرکاری طبی بندوبست کا فائدہ اٹھاسکیں گے۔ علاقہ کے باشندوں کی مانگ پر ڈاکٹر جوشی نے وزیر صحت احمد حسن سے ملاقات کر کے عالم باغ میں تمام سہولیات سے آراستہ اسپتال کی تعمیر کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈاکٹر جوشی نے مسٹر حسن سے کہا تھا کہ ان کے اسمبلی حلقہ میں ایک بھی سرکاری اسپتال نہ ہونے سے لاکھوں لوگ سرکاری سہولیات سے محروم ہیں۔ عالم باغ علاقہ میں اسپتال کی تعمیر کیلئے سول ڈسپنسری چندن نگر و زچہ بچہ کیندر میں آراضی مہیا ہے۔ بدھ کو معائنہ کے بعد چیف میڈیکل افسر نے افسران کو جگہ کی پیمائش کر کے ۱۰۰ بستروں کے اسپتال کی تجویز انتظامیہ کی منظوری کیلئے بھیجنے کی ہدایت دی۔ ڈاکٹر جوشی نے زچہ بچہ اسپتال کیلئے ڈیجیٹل ایکسرے مشین اور میمو گرافی مشین کا بھی مطالبہ کیا۔اس دوران ان کے ساتھ سینئر کارپوریٹر گریش مشرا، سابق کارپوریٹر رام سوروپ ورما، ارون سیٹھی اور تاج محمد سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔