لکھنؤ(بیورو) مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ دسمبر ماہ سے اترپردیش میں ۵۰ہزارکروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں قومی شاہراہوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ لیکن اس کی مرمت کا بجٹ بڑھانے کو اپنے اختیار سے باہر کا بتایا ہے۔ یہ اعلان انہوںنے سڑک ٹرانسپورٹ معاملہ پر وزیراعلیٰ اکھلیش یادواوروزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو کے ساتھ منعقد جلسہ کے بعد کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر میں منعقد جلسہ کے بعد صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کہا کہ ترقیات اورسیاست دو الگ معاملے ہیں۔ سیاست کو ترقیات کے آڑے نہیں آنے دیاجائے گا۔ اترپردیش حکومت سے ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اترپردیش میں ۷۶۴۳کلومیٹر قومی شاہراہیں ہیں جس میں ۴۰۶۸کلومیٹر ہندوستانی شاہراہ اتھارٹی کے تحت ہیں جبکہ ۳۵۷۵کلو میٹر محکمہ تعمیرات عامہ کے تحت آتی ہیں۔ وہ مانتے ہیں کہ سڑکوں کی مرمت کیلئے مرکزی حکومت نے کافی کم رقم دی ہے۔ انہوں نے یہ دلیل دی کہ سڑکوں کی
مرمت کیلئے پلاننگ کمیشن پیسہ دیتا ہے اس لئے وہ اس سلسلہ میں یقین دہانی نہیں کرا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحویل آراضی قانون ریاست اور مرکز کے الگ الگ ہونے کی وجہ سے تین لاکھ ۸۰ہزار کروڑ روپئے کے سڑک پروجیکٹ بند پڑے ہیں۔
جنگلات اور ماحولیات کے سخت قوانین کی وجہ سے کافی پروجیکٹ بند تھے۔ ریلوے اوور برج کی وجہ سے بھی سڑک پروجیکٹ میں تاخیر ہوتی تھی لیکن ان کی کوشش سے ریلوے محکمہ نے ایک کمیٹی تشکیل کی ہے جو ۱۵دن میں جلسہ کرکے اس طرح کے معاملات کا نمٹارہ کرتی ہے۔ انہوںنے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ندیوں کی صفائی میں جو بالو نکلتی ہے اسے سڑکوں کی تعمیر میں دے دیاجائے تو لاگت میں کافی کمی آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کمپنیوں سے تال میل کر کے انہوں نے ۱۵۰سے ۱۶۰روپئے فی بوری سیمنٹ حاصل کرنے کا مسودہ تیار کیا ہے۔ اگر یو پی حکومت بھی اسی ریٹ پر سیمنٹ لینا چاہے تو وہ مہیا کرا دیںگے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں یو پی حکومت سے ان کی گفتگو ہوئی ہے کئی معاملوں پر اتفاق رائے بھی ہے۔ یو پی کی ترقی میں وہ پوری مدد کریںگے کسی طرح کی نا انصافی نہیں ہوگی۔ لیکن رام مندر کے ان کے بیان پر سوال پوچھنے پر وہ خاموشی اختیار کر گئے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ ترقی کیلئے اچھی سڑکوں کا ہونا بیحد ضروری ہے۔ ہماری رفتار میں اضافہ ہوگاتو اکنامی میں بھی اضافہ ہوگا۔ مرکزی وزیر نقل وحمل کو محکمہ کی کافی معلومات ہے انہوں نے سڑکوں کیلئے یو پی حکومت کو تعاون دینے کا اطمینان دلایاہے۔ ریاست میں خراب پڑی کئی سڑکوں کی معلومات انہیں فراہم کی گئی ہے وہیں وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے سڑکوں کی حالت کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کا کام وقت سے ہو اس کیلئے انہوں نے صحیح وقت پر بجٹ دینے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کافی اپیل کرنے پر مرمت کیلئے مرکز نے پہلے ۲۴کروڑ روپئے دیئے اس کے بعد مزید ۱۵کروڑ اور اب ۱۴کروڑ دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی سطح پر جہاں فی لاکھ آبادی پر قومی شاہراہوں کی اوسط لمبائی ۵ء۸۶کلومیٹر ہے وہیں اترپردیش میں یہ ۳ء۳۹کلومیٹر ہی ہے۔