آرہ، 23 جنوری (یو این آئی) بہار میں ضلع بھپور کے آرہ سول کورٹ احاطہ میں آج ہونے والے بم دھماکے میں ایک خاتون اور ایک پولس کانسٹیبل کی موت گئی ہے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔ پٹنہ سے قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کی ایک ٹیم آرہ کے لئے روانہ ہوچکی ہے جو بم دھماکہ کی وجوہات کی تفتیش کرے گی۔ پٹنہ سے پولس کی اضافی کمک بھی آرہ میں قانو ن و انتظام کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے روانہ ہوگئی ہے ۔ شدید طورپر زخمی شخص کو پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال میں علاج کے لئے منتقل کردیا گیا ہے ، جبکہ دوسرے زخمیوں کو آرہ کے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے نے بتایا کہ اس امر کی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا یہ دھم
اکہ اچانک کیا گیا ہے ، یا یہ خودکش حملہ ہے جسے زیر سماعت قیدیوں کو بچ کر فرار ہونے میں مدد دینے کے لئے انجام دیا گیا ہے ۔
دریں اثناء، پولس سپرنٹنڈنٹ اختر حسین نے بتایا کہ کورٹ کے احاطے میں آج دوپہر تقریبا 11 بجکر 30 منٹ پر ہونے والے بم دھماکہ کے بعد ہنگامہ اور افراتفری کا فائدہ اٹھاکر دو زیر سماعت قیدی لامبو شرما اور اکھیلیش اپادھیائے تحویل سے فرار ہوگئے ۔
قابل ذکر ہے کہ یہی لامبو شرما آرہ سول کورٹ ہی میں 2009 میں ہونے والے بم دھماکہ کا بھی ملزم ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 2009 کابم دھماکہ لامبو شرما نے ہی انجام دیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایک برقع پوش خاتون یہ بم تھیلے میں لے کر آئی تھی، جس میں اچانک دھماکہ ہوگیا اورجائے وقوعہ پر ہی اس کی موت ہوگئی۔ جبکہ اس دھماکہ میں شدید طورپر زخمی ہوجانے والے کانسٹیبل نے مقامی اسپتال کے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ عدالت کے احاطے میں اچانک دھماکہ ہونے سے افراتفری مچ گئی اور لوگ ادھر ادھر بچنے کے لئے بھاگ دوڑ کرتے نظر آئے ۔ موقع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ خودکش دھماکہ ہے جس میں بم لانے والی خاتون نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
پولس کے مطابق آج تقریبا ساڑھے گیارہ بجے اسپتال کے احاطے میں مقدمات کی کارروائیوں کی وجہ سے بہت زیادہ بھیڑ تھی ، اور ملزم لامبو شرما کو پیشی کے لئے لایا گیا تھا، تبھی اچانک بڑادھماکہ ہوا جس سے کورٹ کی عمارت دہل اٹھی ۔ دھماکہ اس قدر طاقتور تھا کہ اس کی آواز ایک کلومیٹر کی مسافت تک سنی گئی۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولس، ضلع مجسٹریٹ سمیت دیگر سنیئر اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ کر پڑاؤ ڈال دیا اور معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے ۔ آرہ میں بم دھماکہ کے بعد ریاست بھر کے سول کورٹوں میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں،تاکہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ پیش آئے ۔