لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ انہیں برطانوی شہری اور مسلمان ہونے پر فخر ہے، دنیا بھر کے مسلمان دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہو جائیں۔ 28 سالہ سابق ورلڈ چیمپئن عامر خان کا کہنا تھا کہ یہی وقت ہے کہ امن کا پیغام دینے والے مذہب اسلام کو ایسے عناصر سے بچایا جائے جو اسے قتل و غارت کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول کے دورہ کے بعد کہی جہاں 130 سے زائد بچوں سمیت 145 لوگوں کو دہشت گردانہ حملے میں شہید کیا گیا۔ عامر خان نے کہا کہ دہشت گرد جس طرح اسلام اور مسلمانوں کے تشخص کو خراب کر رہے ہیں، اس کے خلاف کھڑے ہونے اور آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان نے اپنے سیکیورٹی ایڈوائزرز کے منع کرنے کے باوجود پشاور آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس لئے یہاں آئے ہیں تاکہ بچوں کو بتا سکیں کہ ڈر کو بھگا کر تعلیم کے حصول کیلئے واپس اسکول جائیں کیونکہ یہی ایک طریقہ ہے جس کے ذریعے آپ اپنی زندگی میں کچھ کر سکتے ہیں، آپ دہشت گردوں کو جیتنے نہیں دے سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول کے دورہ کے موقع پر سب سے زیادہ مشکل کام ان 2 بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات تھے جنہیں طالبان نے بے دردی سے گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ڈر نہیں لگتا کیوں وہ جینے کیلئے لڑتے ہیں۔