نئی دہلی، 24 جنوری (یو این آئی) قومی راجدھانی دہلی امریکی صدر بارک اوبامہ کے دورہ کے پیش نظر چھاؤنی میں تبدیل ہوگئی ہے جو کل صبح یہاں پہنچ رہے ہیں۔ امریکی صدر کے اس اہم دورہ کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لئے زمین سے فضا تک سکیورٹی کے بندوبست کئے گئے ہیں جس کے تحت شہر کے گوشے گوشے میں نگرانی رکھنے کے لئے مختلف سلامتی ایجنسیوں کے 45 ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور 15 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
اس ہائی پروفائل دورہ کے دوران مسٹر اوبامہ اور ان کے وفد کو خطرہ لاحق ہونے کے خدشہ کے پیش نظر قومی راجدھانی کو 27 جنوری تک ایک طرح سے بند
رکھا جائے گا۔
ذرائع نے آج بتایا کہ ہندوستانی سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ امریکی ایجنسیاں بھی مسٹر اوبامہ کی محفوظ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہیں، جو دہلی کے قلب میں راج پتھ پر منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ پریڈ کے خصوصی مہمان بھی ہیں۔
امریکی صدر کا خصوصی طیارہ ‘ایئر فورس ون’ مسٹر اوبامہ کو لے کر کل صبح تقریبا 10 بجے دہلی کے پالم ایئر فورس اسٹیشن پر اترے گا۔ وہاں سے وہ براہ راست راشٹر پتی بھون پہچیں گے جہاں ان کا رسمی استقبال کیا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی امریکی صدر اپنی مدت کار میں دوسری بار ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں۔