طیاروں میں بم کی دھمکی انٹرنیٹ پر دی گئی تھی۔
امریکی پولیس نے ان دو طیاروں کو تلاشی کے بعد محفوظ قرار دیا ہے جنھیں بم کی موجودگی کی اطلاعات پر امریکی ریاست جورجیا میں اٹلانٹا کے ہوائی اڈے پر اتارا گیا تھا۔
ہوائی اڈے کے ترجمان ریس میکرین کا کہنا ہے سنیچر کو پورٹ لینڈ اور ملواکی سے آنے والی امریکی فضائی کمپنیوں ڈیلٹا اور ساؤتھ ویسٹ کی دو پروازوں کے
بارے میں دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
انھوں نے بتایا کہ دونوں طیاروں نے محفوظ طریقے سے لینڈنگ کی اور مسافروں کو بحفاظت طیاروں سے نکال لیا گیا ہے۔
بم کی اطلاعات ملنے کے بعد ان مسافر طیاروں کو امریکی فضائیہ کے دو جنگی طیاروں کی زیرِ نگرانی اٹلانٹا کے ہارٹسفیلڈ – جیکسن ہوائی اڈے تک لایا گیا۔
مسافروں کو بحفاظت طیاروں سے نکال لیا گیا
حکام کے مطابق ان طیاروں کی تلاشی کے عمل میں پولیس کو بم ڈسپوزل سکواڈ اور دھماکہ خیز مواد سونگھنے کی صلاحیت رکھنے والے کتوں کی مدد حاصل رہی۔
طیاروں میں بم کی دھمکی انٹرنیٹ پر دی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق دھمکی دینے والے نے اس کے لی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو استعمال کیا۔
یہ اس ہفتے میں امریکہ میں طیاروں میں بم کی دھمکی کا پہلا واقعہ نہیں۔
اس سے قبل پیر کو نیویارک کے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر بھی ایک طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع سامنے آئی تھی جو غلط ثابت ہوئی تھی۔