لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔چیف سکریٹری آلوک رنجن نے مینیجنگ ڈائریکٹر اترپردیش جل نگم کو ہدایت دی کہ گنگا تحفظ اسکیموں کو پورا کرنے کیلئے مہوار ٹائم لائن بنائی جائے جس کا جائزہ ہر ماہ چیف سکریٹری سطح پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جائزہ کے تحت منظور ۹۰ء۴۹۶ کروڑ روپئے کی اسکیم گزشتہ چاربرسوں سے زیر تعمیر ہے جو ابھی تک محض بیس فیصد ہونے کے سبب منصوبہ معینہ وقت جولائی ۲۰۱۵ء تک نہ پورا ہونے کی حالت میں ہے اس کیلئے ریاستی سطح سے اضافہ کی مانگ کی تجویز مرکزی حکومت کو فوری بھیجی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر تمام اسکیموں پر خصوصی توجہ دے کر انہیں جلدمکمل کرایا جائے۔ چیف سکریٹری آج اینیکسی واقع اپنے دفتر کے جلسہ گاہ میں اترپردیش ریاست میں گنگا ندی تحفظ سے متعلق منصوبوں کا جائزہ مرکزی سکریٹری آبی وسائل، ندی ترقیات اور گنگا تحفظ انوج کمار بشنوئی کے ساتھ لے رہے تھے۔ انہوں نے گنگا ندی کے تحفظ پر زیر تعمیر منصوبوں پر غور و خوض کرتے ہوئے کہاکہ اسکیموں میں زمین سے متعلق آنے والے مسائل کو متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں سے رابطہ قائم کر کے ان کا تصفیہ کرایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ مسائل کا تصفیہ آئندہ ۱۵ دنوں میں ضلع مجسٹریٹ نہ ہونے پر انہیں روشناس کرایاجائے تاکہ فروری ماہ میں ہونے والی سینئر انتظامی افسروں کی کانفرنس میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں سے ترقیات کے بارے میں پوچھا جاسکے۔ جلسہ میں قومی سوچھ گنگا مشن مرکزی حکومت کے ڈائریکٹر اور جوائنٹ سکریٹری آر آر مشرا اور تکنیکی ہیڈ دویندر سنگھ ٹھپولا، شہری ترقیات محکمہ کے سکریٹری شری پرکاش سنگھ، خصوصی سکریٹری شہری ترقیات محمد زبیر علی ہاشمی، تکنیکی صلاح کار ہریش چندر اور مینیجنگ ڈائریکٹر جل نگم کے ساتھ ساتھ محکموں کے اعلیٰ افسران شامل تھے۔