لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ دوست کے ساتھ موٹر سائیکل سے بارہ بنکی سے لکھنؤ کی طرف آرہے کسان کی گاڑی پر تیز رفتار بے قابو آٹو نے زور دار ٹکر مار دی۔ موٹر سائیکل پر آٹو کی ٹکر لگتے ہی دونوں دور جا گرے۔ حادثہ ہوتے ہی موقع پر بھیڑ جمع ہو گئی ۔ پولیس کو لوگوں نے اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی کسان اور اس کے دوست کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں کسان کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ آشیانہ اور چنہٹ میں ایک ہوم گارڈ سمیت دولوگوں کی موت ہو گئی۔ چنہٹ واقع بی بی ڈی گرین سٹی کے نزدیک آٹو اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیا۔ موٹر سائیکل پر بارہ بنکی کے محلہ اتر ٹولہ کا رہنے والا نتن کمارموریہ (۲۱) اپنے دوست اوم پرکاش موریہ کے ساتھ سوار تھا۔ ٹکر ہونے پر دونوں لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے انہیں رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے نتن کو مردہ قرار دے دیا۔ اس کے پاس سے ملے موبائل نمبر کی بنیاد پر پولیس نے اس کی شناخت کی۔
اس معاملہ میں نتن کے والد نریش موریہ کی تحریر پر معاملہ کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ وہیں چنہٹ کے بی بی ڈی کے سامنے سنیچر کی دیر شب تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ملہور کے رہنے والے موٹر سائیکل سوار لکشمی نرائن (۴۹ٌ) کو ٹکر مار دی۔ پولیس نے زخمی لکشمی کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ پولیس نے ان کے پاس سے ملے شناختی کارڈ کی بنیاد پر ان کی شناخت کی۔ لکشمی کی ملہور میں سموسا اور مٹھائی کی دکان ہے، اہل خانہ نے بتایا کہ وہ بارہ بنکی کے رہنے والے بدلو یادو یہاں سے ایک تقریب میں شرکت کر کے لوٹ رہا تھا اس کے علاوہ ہمیر پور کے سہجنا کے رہنے والے ارون کمار کھرے (۳۸) ہوم گارڈ محکمہ میں تعینات تھے، وہ موجودہ وقت میں اپنی بیوی سنتوش کماری، تین بیٹے و تین بیٹیوں کے ساتھ آشیانہ کے قلعہ محمدی میں کرائے پر رہ رہے تھے۔ ۱۹؍جنوری کو ارون کی عالم باغ کے بارہ بروا میں ٹریفک ڈیوٹی تھی۔
رات میں ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد وہ ساتھی ہوم گارڈ نریندر سنگھ کے ساتھ موٹر سائیکل سے لوٹ رہے تھے۔ آشیانہ میں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی جس سے دونوں لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔انہیں ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ارون نے دم توڑ دیا جبکہ نریندر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔