لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چنہٹ واقع ایک اپارٹمنٹ میں بنے فلیٹ کے کچن میں اتوار کی شب اچانک آگ لگ گئی۔آگ سے وہاں رہنے والے لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔ لوگ اپنی جان بچاکر اپارٹمنٹ کے نیچے بھاگنے لگے۔ موقع پر پہنچی ایک فائر بریگیڈ کی گاڑی نے آگ پر قابو پا لیا۔ چنہٹ تراہا واقع ٹیولپ اپارٹمنٹ میں سی بلاک کا فلیٹ نمبر ۱۰۴ نوئیڈا کے اننت تیواری کا ہے۔ اننت تیواری نے اپنا فلیٹ بلیا کے رہنے والے انکت تیواری کو کرائے پر دے رکھا ہے۔ انکت تیواری حضرت گنج واقع ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی شب انکت کنبہ کے ساتھ اپنے فلیٹ میں موجود تھے۔ اسی درمیا
ن ان کے باورچی خانہ سے آگ کے شعلے اٹھنے لگے۔ آگ دیکھ کر کنبہ کے لوگوں نے شور مچا دیا اور باہر نکل گئے۔ اپارٹمنٹ میںآگ لگنے کی بات سن کر آس پاس رہنے والے لوگ بھی خوفزدہ ہو گئے اور سبھی لوگ نیچے اتر آئے۔ خبر ملتے ہی موقع پر چنہٹ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کسی طرح آگ پر قابو پا لیا۔ آگ سے باورچی خانہ میں رکھا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی تھی۔