لکھنؤ۔(نامہ نگار)کے جی ایم یو مریضوں کے مفاد میں بہت اچھا کام کررہا ہے ۔ عام امراض کے علاوہ لا علاج مرض کے علاج میں جس طرح کے جی ایم یو نے کامیابی حاصل کی وہ قابل تعریف ہے۔ کے جی ایم یو نے مختلف شعبوں کیلئے حکومت کو جو تجاویز ارسال کی ہیں انہیں جلد ہی منظوری دی جائے گی۔ یہ کہنا تھا چیف سکریٹری آلوک رنجن کا۔
کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں تعمیر ہورہے پیڈیاٹرک آنکو لوجی وارڈ کا سنگ بنیاد رکھنے آئے چیف سکریٹر ی نے وائ
س چانسلر پروفیسر روی کانت کو یقین دلایا کہ حکومت ادارے کا پورا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاعلاج امراض کے مفت علاج کیلئے اسپتالوں کو پہلے ہی حکم دے چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وارڈ تعمیر ہونے سے کینسر سے متاثر بچوں کے علاج میں کافی آسانی ہوگی اس لئے میڈیکل یونیورسٹی نے جو تجاویز بھیجی ہیں ان کا مطالعہ کرکے جلد ہی ضروری مدد دی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈس کی جانب سے نیو پیڈیاٹرک کینسر وارڈ قائم کرنے کا کام قابل ستائش ہے۔ مسٹر رنجن نے کہا کہ سماجی خدمات تنظیموں کو بھی غریبوں کے علاج میں اپنی حصہ داری دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ نیو پیڈیاٹرک کینسر وارڈ ہیلپنگ ہینڈس کے تعاون سے تعمیر ہورہا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر روی کانت نے بتایا کہ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور شعبہ امراض اطفال میں ایسے کئی بچے داخل ہیں جو کینسر کے ساتھ اپنی زندگی بسر کررہے ہیں۔وارڈ تعمیر ہونے کے بعد ان بچوں کا بہتر طریقے سے علاج کیا جاسکے گا۔