لکھنؤ(بیورو)گورنر رام نائک نے ۲۰۱۴ء کے عام انتخابات میں خصوصی تعاون کیلئے لکھنؤ، مظفرنگر، سہارنپور اور بارہ بنکی کے ضلع مجسٹریٹوں کو بہترین ضلع الیکٹورل افسر انعام سے نوازا ہے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ ای آر او انعام، اعلیٰ بی ایل او انعام، کیمپس ایمبسڈر و سول سوسائٹی انعام دے کر بھی الیکشن میں لگے ملازمین اور سیکورٹی اہلکاروں کو اعزاز سے نوازا ہے۔ اس موقع پر رام نائک نے کہا کہ ووٹنگ میں لگے افسران، ملازمین اور سیکورٹی اہلکاروں کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ ووٹ کرنے کی سہولت ہونا چاہئے۔ ووٹنگ میں لگے ملازمین اور سیکورٹی اہلکار ووٹنگ سے بھی محروم ہو جاتے ہیں۔ ۲۰۱۴ء کے عام انتخابات میں یو پی میں ۷ء۸ لاکھ ملازمین اور ۶ء۵۴لاکھ سیکورٹی اہلکار ووٹنگ کی ڈیوٹی پر لگائے گئے تھے۔ لکھنؤ ضلع میں ۵۲۴۲ پوسٹل بیلٹ جاری کئے گئے۔ صرف ۳۶۳۸ لوگوں نے پوسٹ بیلٹ کے ذریعہ اپنے ووٹ کا استعمال کیا جس میں سے ۳۳۰۸ووٹ جائز اور بقیہ ۳۳۰غلط تھے۔ پوسٹل بیلٹ سے ووٹنگ کیلئے معقول تربیت دیئے جانے کی ضروت ہے۔
اندراگاندھی پرتشٹھان میں قومی یوم رائے دہندگان پر منعقد پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر پورے انتخابی عمل کو مکمل کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
آئندہ انتخابات کے پیش نظر یہ یقینی بنائیں کہ ووٹرفہرست غلطیوں سے پاک ہو اور ووٹر لسٹ میں دہرے نام نہ ہوں۔ وقتاً فوقتاً ووٹر فہرست کا معائنہ بھی کیاجانا ضروری ہے۔ ملک میں نوجوانوں کی تعداد کے پیش نظر ووٹر شناختی کارڈ کیلئے رجسٹریشن کرنا ایک چیلنجنگ کام ہے ریاستی الیکشن کمشنر ایس کے اگروال نے کہا کہ ووٹر اور ووٹنگ جمہوریت کی روح ہے۔ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن قائم کیا گیا ہے کم ووٹنگ تشویش کا باعث ہے۔ ووٹ کا اختیار ملا ہے لیکن لوگ حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی ذمہ داری کو پورا نہیں کرتے ہیں۔ ایڈیشنل چیف الیکشن افسر آر کے پانڈے نے بتایا کہ اس سال ووٹر شناختی کارڈ رجسٹریشن کو آسان بنایا گیا ہے انہوںنے بیداری میں اضافہ کرنے اور آن لائن رجسٹریشن کی سہولت دستیاب کرائے جانے کی بات بھی کہی۔ پروگرام میںکمشنر لکھنؤ منطقہ مہیش کمار گپتا، ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر بھی موجود تھے۔