ترکی کی ایک عدالت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ کے ان صفحات کو فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم دیا ہے جن پر مبینہ طور پر پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ مواد شائع کیا گیا ہے۔
ترکی کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت کی جانب سے فیس بک کی انتظامیہ سے کہا گیا ہےوہ ان صفحات کو فوری طور پر بلاک کرے جن پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ مواد شائع کیا گیا ہے۔ عدالت نے دھمکی دی ہے کہ اگر گستاخانہ مواد نہ ہٹایا
گیا ترکی میں فیس بک کے استعمال پر پابندی لگا دی جائے گی۔
ترکی کے ریڈیو و ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کی درخواست پر فیس بک کے گستاخانہ صفحات بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب فیس بک کی انتظامیہ کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ ترکی کی جانب سے فرانسیسی اخبار ‘چارلی ایبڈو’ اور دوسرے مغربی اخبارات میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مغربی ملکوں سے مذاہب کی توہین بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔