‘فلائی دبئی’ کے جہاز پر بغداد میں ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی
متحدہ عرب امارات کی متعدد فضائی کمپنیوں بالخصوص ایمریٹس ائیر لائنز ، اتحاد ائیر لائ
نز اور ائیر عریبیہ نے عراقی دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے کی فضائی حدود میں ‘فلائی دبئی’ کے مسافر طیارے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد بغداد کے لئے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
فضائی کمپنیوں کے مطابق انہوں نے یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایویشن اتھارٹی کی سیکیورٹی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا ہے۔ فلائی دبئی نے بتایا ہے کہ بغداد میں لینڈنگ کے بعد ان کے ایک طیارے پر چھوٹے ہتھیار کی گولیوں کے نشان پائے گئے تھے۔
تمام مسافروں کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا تھا اور کسی مسافر کو طبی امداد کی ضرورت نہیں تھی۔ فلائی دبئی کے ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
امارات ائیر لائنز میں کمرشل آپریشنز کے سینئیر نائب صدر شیخ ماجد المعلاء نے دبئی میں ایک کانفرنس کے موقع پر برطانوی خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا “ہم نے بغداد کے لئے تمام پراوزیں معطل کر دی ہیں۔”
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا “ہم نے بغداد ائیر پورٹ پر فلائی دبئی کے جہاز پر فائرنگ کے واقعہ کے ردعمل کے طور پر ہی اپنی پروازیں منسوخ کی ہیں۔”
فلائی دبئی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ان کے ایک جہاز کی بغداد میں لینڈنگ کے دوران اس پر ہلکے ہتھیار سے فائرنگ کی گئی تھی۔