واشنگٹن: نچلی پرواز کرنے والے ایک چھوٹے ڈرون طیارے کے وائٹ ہاؤس کامپلکس میں گرنے سے افرا تفری پھیل گئی۔
پیر کو پیش آنے والے واقعہ کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پر وائٹ ہاؤس کو کچھ دیر کیلئے بند کر دیا گیا۔
سیکریٹ سروس کے ترجمان برائن لیارے نے بتایا کہ گرنے والا ڈرون بازار میں دستیاب ایک عام کواڈ کاپٹر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرون وائٹ ہاؤس کامپلکس کے جنوب مشرق میں رات تین بجے کے قریب گرا اور ایجنسی ملزمان کی شناخت اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ کواڈ کاپٹرز مشغلہ کے طور پر اور کمرشل آپریٹرز میں مقبول ہیں۔
عموماً، ان طیاروں کا وزن کچھ کلو گرام سے زیادہ نہیں ہوتا اور مارکیٹ میں ان کی قیمت سینکڑوں ڈالرز میں ہے۔
صدر بارک اوباما اور ان کی بیوی مشل اوباما ان دنوں انڈیا کے دورہ پر ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ واقعہ پیش آنے کے وقت ان کی بیٹیاں ساشا اور مالیا گھر پرتھیں یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس نے صدر کے دورہ سے پہلے بتایا تھا کہ ان کی بیٹیاں واشنگٹن میں ہی رہیں گی تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔