نئی دہلی۔ 28 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ ہند سے بیجنگ میں بے چینی محسوس کی گئی مگر اس دورے کے چند ہی روز بعد امور خارجہ کی وزیر سشما سوراج چین جارہی ہیں۔وہ یکم فروری سے 3 فروری تک وہاں رہیں گی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر وہ جارہی ہیں جہاں انہیں اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ باہمی کشیدہ امور اور مختلف علاقائی اور عالمی واقعات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ بات سرکاری بیان میں کہی گئی ہے ۔ بیجنگ قیام کے دوران مسز سوراج دوسرا ہند۔ چین اعلی سطحی میڈیا فورم کا افتتاح کریں گی اور ‘‘وزٹ انڈیا ایئر’’ (ہندوستان کی سیر کا سال) کے لانچ میں شرکت کریں گی۔
وزیر خارجہ روس۔ ہند۔ چین کی 13 ویں وزارت خارجہ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی۔ وہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی علیحدہ سے ملاقات کریں گی۔ ان کا یہ دورہ صدر اوباما کے دورہ ہند کے فوراً بعد ہورہا ہے جس کے دوران ہندوستان اور امریکہ نے ایشیا بحرالکاہل خطہ کے لئے ایک معاہد کیا ہے ۔ چین نے اس پر سخت تنقید کی تھی۔چین وزیراعظم نریندر مودی اور صدر اوباما کے درمیان بات چیت کے بعد جاری ہند۔
ا مریکہ مشترکہ بیان سے پریشان معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس میں ایشیا بحرالکاہل اور بحر ہند کے خطوں کا خاص طور سے ذکر ہے جہاں چین اور دیگر ممالک کے درمیان بحری تنازعات بڑھ رہے ہیں۔ستمبر میں چینی صدر زی جن پنگ نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران چینی فوجیوں کی کشمیر کے خطہ لداخ میں ہندوستانی فوجیوں سے ٹکراؤ بھی ہوا تھا اور ہندوستانی حکومت اس سے مشتعل ہوگئی تھی اس کے بعد مسز سوراج کا دورہ چین کے ساتھ پہلی اعلی سطحی ملاقات ہوگی۔