۲۰جنوری تک ۲۱۶لوگوں نے اسکیم کا اٹھایا فائدہ
لکھنؤ(نامہ نگار)ٹرانسپورٹ محکمہ نے آج سے اپنی پائلٹ پروجیکٹ اسکیم کا آغاز کر دیا اس نئے نظام کے تحت لرننگ لائسنس اور مستقل ڈرائیونگ لائسنس اور اس سے متعلق فیس آن لائن جمع ہو گی۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کی دلیل ہے کہ اس سے دلالوں سے تو نجات ملے گی ہی ساتھ ہی گھنٹوں لائن میںکھڑے ہو کر فیس جمع کرنے کی مشقت سے بھی درخواست دہندگان کو راحت ملے گی۔ گھر میں بیٹھ کر ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت دینے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کمشنر نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس سہولت کا فائدہ اٹھائیں اور دلالوں سے دور رہیں۔ ٹرانسپورٹ محکمہ نے لرننگ لائسنس اورمستقل ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق فیس آن لائن جمع کرنے کا بندوبست پائلٹ پروجیکٹ کی شکل میں آرٹی او دفتر عالم باغ سے شروع کیا ہے۔ اس کے کامیاب نافذ العمل کے بعد مرحلہ وار طور سے یہ اسکیم ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی نافذ کی جائے گی۔ ریاست کے ٹرانسپورٹ کمشنر کے رویندر نائک نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت آن لائن درخواست کے لئے درخواست کنندہ کو ویب سائٹ پر جانا ہوگا ویب سائٹ پر دی گئی ہدایت کے سلسلہ میں درخواست فارم بھر کر نیٹ بینکنگ کے ذریعہ آن لائن فیس جمع کرنا ہوگی۔ فیس پیمنٹس کامیاب ہونے کے بعد درخواست مکمل ہونے کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعہ درخواست کنندہ کے موبائل پر آجائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ آن لائن نظام شروع ہونے سے درخواست کنندہ کو دفتر میں آکر کاؤنٹر پر لائن میںکھڑے ہونے سے نجات ملے گی۔