امریکہ کی ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے گزشتہ سہ ماہی میں ۱۸ارب ڈالر کا منافع کمایا ہے جو کسی بھی پبلک کمپنی کی طرف سے ایک سہ ماہی میں کمایا جانے والا سب سے بڑا منافع ہے۔ اس منافع کی وجہ ایپل کمپنی کے ’آئی فون ۶کی ریکارڈ سیل بتائی جاتی ہے۔ ایپل کمپنی نے منگل ک
و بتایا کہ ۳۱دسمبر ۲۰۱۴ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں اْس نے سات کروڑ پینتالیس لاکھ ’آئی فون‘ فروخت کیے۔ اتنی بڑی تعداد میں ’آئی فونز‘ کی فروخت تجزیہ کاروں کے اندازوں سے زیادہ ہے جب کہ ایپل کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی کہا کہ ’آئی فون‘ کی مانگ میں اضافہ ’حیرت انگیز‘ ہے۔ ایپل کمپنی کی گزشتہ سال کے آخر تک مجموعی آمدنی ۷۴ارب ساٹھ کروڑ ڈالر رہی جب کہ ۲۰۱۳ء میں اس کی آمدن ۵۷ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تھی۔ ان اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۱۴ء میں ایپل کی آمدن ۲۰۱۳ء کے مقابلے میں ۳۰فیصد زیادہ رہی۔چین میں بھی ایپل کی مصنوعات میں گزشتہ سال اضافہ دیکھا گیا جب کہ یورپ میں بھی اس ’آئی فون‘ کی مانگ میں اضافہ ہوا۔لیکن آئی فونز کی مانگ میں اضافے کے برعکس ایپل کے ٹیبلٹ کمپیوٹر کی فروخت میں۲۰۱۴ء میں ۱۸فیصد تک کمی دیکھی گئی۔