سعودی شہری اس سے بھی زیادہ کے مستحق ہیں، شاہ سلمان بن عبدالعزیز
سعودی عرب کے سرکاری ملازمین کے لیے دو ماہ کی اضافی تنخواہ کے برابر فراخ دلانہ باونسز اور دیگر ادائیگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اعلان سے مستفید ہونے والوں میں علماء کے علاوہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین بھی شامل ہوں گے۔ سرکاری
ملازمین کے لیے اس خوشگوار پیکج کی منظوری شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے دی گئی ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حکم دیا ہے کہ بشمول فوجی و سول حکام تمام سرکاری ملازمین کو دو بینادی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔ نیز مملکت کے اندر اور باہر موجود تمام سعودی طلبہ و طالبات کو بھی دو ماہانہ وظائف کی یک مشت ادائیگی کر دی جائے۔
شاہی فرمان کے مطابق سوشل انشورنس کی رقومات کی دوماہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ معذوری کے شکار شہریوں کو بھی اسی حساب سے ادائیگی کی جائے۔ شاہی فرمان میں سعودی وزارت برائے سماجی امور سے منسلک خیراتی اداروں کو بھی مجموعی طور پر دو ارب سعودی ریال کی خطیر رقم ادا کر دی جائے۔
نیز کو آپریٹو سوسائٹیز کونسل بھی دو سو ملین ریال جبکہ سعودی پروفیشنلز کی انجمنوں کو دس ملین سعودی ریال کی رقومات منتقل کر دی جائیں۔
اس شاہی حکم کے تحت تعلیمی شعبے میں کام کرنے والے کلبوں ، کھیلوں کے میدان میں اعلی کارکردگی دکھانے والے کلبوں کو بھی دس دس ملین ریال ادا کیے جانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ اچھی کارکردگی کے حامل سپورٹس کلبوں کو بھی پانچ پانچ ملین ریال کی رقومات دی جائیں گی۔
شاہی فرمان کے مطابق پانی و بجلی سے متعلق خدمات کے شعبوں کو بیس ارب ریال کی اضافی رقم دی جائے گی۔ اس میں چودہ ارب ریال بجلی کی فراہمی کے لیے اور چھ ارب ریال پانی کی فراہمی کے لیے ہوں گے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایسے تمام قیدیوں کے لیے بھی رعائتوں کا اعلان کیا ہے جنہیں پبلک معاملات میں کوتاہیوں کی باعث سزا یا جرمانہ کی سزا ملی ہے۔
ان قیدیوں کے پانچ لاکھ ریال تک کے جرمانوں کو معاف کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان میں شامل غیر ملکی قیدیوں کو رہائی کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اور انہیں دوبارہ سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
عوام کے لیے ان خوش کن اعلانات کے کے علاوہ ایک ٹویٹ پیغام میں شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ”پیارے شہریو، آپ کا حق اس سے بھی زیادہ ہے، میں نے جو اعلان کیا ہے یہ کافی نہیں ہے۔” اپنے ٹویٹ پیغام میں شاہ سلمان نے اللہ سے دعا کی ہے کہ انہیں اللہ رب العزت دین و ملت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے، انہوں عوام سے بھی اپنے لیے دعاوں کی اپیل کی ہے۔
شاہ سلمان کی طرف سے کیے گئے ان خوشگوار اعلانات کے بعد سعودی شہریوں میں غیر معمولی طور پر شادمانی کا احساس سامنے آیا ہے۔ سعودی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومت کی مضبوطی کا ذریعہ بنے گا۔