لکھنؤ۔ (بیورو)۔ راجدھانی پہنچے مرکزی ٹیکسٹائل وزیر سنتوش گنگوار نے لکھنؤ کی چکن صنعت کے مسائل جلد سلجھانے کی بات کہی ہے۔ چکن صنعت کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد وہ بی جے پی کے ریاستی دفتر پر میڈیا سے مخاطب ہوئے۔
میگا ٹیکسٹائل کلسٹر کا جائزہ لینے آئے مرکزی وزیر نے بتایا کہ وہ لکھنؤ میں بننے والے میگا ٹیکسٹائل کلکسٹر کا جائزہ لینے آئے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یوپی میں لکھنؤ اور بریلی میں میگا ٹیکسٹائل کلکسٹر بنائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی سلسلہ میں مرکزی وزیر نے جمعہ کو لکھنؤ کے چکن صنعت کے کاریگروں اور تاجروں سے ملاقات کی۔اس ملاقات کا مقصد تھا کہ چکن صنعت کوجن پریشانیوں کا سامنا ہے انہیں دور کیا جائے۔
دھوبی گھاٹ پر لگے گا ٹریٹمنٹ پلانٹ:- ٹیکسٹائل وزیرنے گومتی ندی کے کنارے واقع دھوبی گھاٹ پہنچ کر وہاں چکن کے کپڑوں کی دھلائی کرنے والے دھوبیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جلد ہی اس دھوبی گھاٹ پر ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے گی تاکہ کپڑوں سے نکلے کیمیکل رنگ اور دیگر کیمیکل گومتی ندی کو آلودہ نہ کر سکیں۔اس معاملہ میں انہوں
نے دھوبیوں سے ان کی رائے طلب کی ہے۔
پہلے مرحلہ میں ۲۸ کروڑ روپئے ملے:- مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے بتایا کہ لکھنؤ میں بننے والے میگا ٹیکسٹائل کلسٹر کیلئے پہلے مرحلہ میں ۲۸ کروڑ روپئے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس کلکسٹر کے ذریعہ لکھنؤ کی چکن صنعت کو ترقی یافتہ شکل دی جائے گی۔ ٹیکسٹائل وزیر نے بتایا کہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ پورے ملک میں ٹیکسٹائل پارک بنائے جائیں اس کیلئے ایپلی کیشن کی آخری تاریخ پانچ فروری تک بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک یو پی سے کوئی ایپلی کیشن موصول نہیں ہوئی ہے۔
ٹیکسٹائل پارک کیلئے چالیس کروڑ دے گی مرکزی حکومت:- کپڑا وزیر کے مطابق پورے ملک میں ٹیکسٹائل پارک فروغ دینے کیلئے ہر ٹیکسٹائل پارک کیلئے سو کروڑ کی رقم مقرر کی گئی ہے جس میں سے مرکزی حکومت اپنی طرف سے چالیس کروڑ روپئے کی مدددے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پارک کیلئے کوئی بھی صنعتی ادارہ یا صنعت کار درخواست دے سکتا ہے۔