لکھنؤ(نامہ نگار)لکھنؤ میٹرو کا کام اب چارباغ تک پہنچ گیا ہے۔ چارباغ میں میٹرو کے تعمیراتی کام کیلئے ایل ایم آر سی نے اپنے سائن بورڈ لگانا شروع کر دیئے ہیں۔ سائن بورڈ لگانے کے بعد میٹرو کے ستون کی تعمیر سے لے کر دیگر سول کام شروع ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اب میٹرو کا سول کام ٹرانسپورٹ نگر سے لے کر چارباغ تک چلنے لگے گا۔ ساتھ ہی چارباغ کے علاوہ دیگر سات اسٹیشنوں ٹرانسپورٹ نگر، کرشنا نگر، شرنگار نگر، عالم باغ، موئیا، درگا پوری پر بھی کام شروع ہو گیا۔ ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ تک سڑک کے درمیان کام ہونے سے کئی جگہ ٹریفک مسائل پیش آرہے ہیں۔ عالم باغ بس اسٹیشن کے نزدیک اکثر جام کی صورتحال رہتی ہے۔
وہیں عالم باغ ویاپار منڈل شرنگار نگر اسٹیشن کو آگے بنانے اور تاجروں کو کاروبار کیلئے ۱۵فٹ زمین چھوڑنے کے مطالبہ پر قائم ہے۔ تاجروں نے اپنے مطالبات کے سلسلہ میں گذشتہ سنیچر کو ایل ایم آر سی کے افسران سے ملاقات کی تھی لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔ جس کے بعد تاجر مسلسل لکھنؤ میٹرو کارپوریشن کے چیئر مین اور ریاست کے چیف سکریٹری آلوک رنجن سے ملاقات کرنے کی کوشش میں تھے لیکن ان کی ملاقات نہیں ہو سکی۔ اب ویاپارمنڈ ل کے لوگ اپنے مطالبات کے سلسلہ میں نئے طریقے سے لائحہ عمل بنان
میں مصروف ہیں۔ اس درمیان عالم باغ ویاپارمنڈل کے صدر پرشانت بھاٹیا نے کہا کہ ہم میٹرو کے خلاف نہیں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ تاجروں کا کاروبار چلتا رہے۔ عالم باغ میں جس طرح عوام اور تاجروںکو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس سے کاروبار کافی متاثر ہو گیا ہے۔
لکھنؤ میٹرو کارپوریشن اور ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے درمیان اموسی ہوائی اڈہ کے نزدیک میٹرو کے کاسٹنگ یارڈ کی زمین پر اتفاق رائے نہ ہونے سے میٹرو کا کام متاثر ہو سکتا ہے۔ میٹرو نے کاسٹنگ یارڈ کیلئے ایئر پورٹ اتھارٹی سے اس زمین کی مانگ کی تھی۔ اس زمین پر میٹرو اپنا کام بھی کر رہا ہے لیکن زمین کے کرایہ کی رقم کے سلسلہ میں فریقین میں اتفاق رائے نہیں ہو پا رہا ہے۔ ایئر پورٹ اتھارٹی جہاں زمین کے عوض میٹرو سے کرایہ چاہتا ہے وہیں ایل ایم آر سی دہلی میںمیٹرو کی طرز پر ایئر پورٹ اتھارٹی سے زمین مفت یا کم قیمت پر چاہتا ہے۔اس سلسلہ میں فریقین میں کوئی اتفاق رائے نہیں ہو پایا ہے۔ میٹرو افسران کا کہنا ہے کہ میٹرو کاسٹنگ یارڈ کے لئے زمین نہ ملی تو کام متاثر ہوگا۔