لاہور: سابق صحافی اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نئی دلہن ریحام خان اب پشتو فلم پروڈیوس کریں گی۔ یہ فلم معروف پشتو شاعر خوشحال خان خٹک کی زندگی پر بنائی جائے گی۔ ریحام خان دو مقامی پروڈکشن ہائوسز آئی آر کے فلمز اور ٹائیگر انٹرٹینمنٹ کیساتھ مل کر فلمیں پروڈیوس کریں گی۔ اپنے ٹویٹر پر ریحام نے لکھا ہے کہ وہ پشتوں ثقافت اور تاریخ کی تجدید نو کی خواہاں اور یہی وجہ ہے
کہ انہوں نے خوشحال خان خٹک کی زندگی پر فلم پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پشتو کے علاوہ ایک اردو کامیڈی فلم ٹائیگر انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے مینجنگ ڈائریکٹر بابر شیخ کیساتھ مل کر پروڈیوس کر رہی ہیں۔ بابر شیخ کا کہنا ہے کہ ریحام کہتی ہیں کہ فلم وہ واحد میڈیم ہے جس کے ذریعے ہم معاشرے کی حقیقی عکاسی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتو فلم بنانے کا ایک مقصد پختونوں کے حوالے سے معاشرے میں پائے جانے والے متعدد غلط تاثرات کو دور کرنا ہے۔