تہران۔ایران کے بوشہر میں واقع جوہری پاور پلانٹ کے شمال مغرب میں واقع علاقے میں جمعرات کی شام شدید زلزلے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور تیس زخمی ہوگئے ہیں۔
امریکا کے جیالوجیکل سروے کے مطابق ریختر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.6 تھی اور اس کا مرکز بوشہر سے قریباً ساٹھ کلومیٹر شمال مغرب میں واقع شہر بورزجان کے نزدیک تھا۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا نے ہنگامی امداد کے محکمے کے سربراہ حسن کاظمی کے حوالے سے بتایا ہے کہ زلزلے سے سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور تیس افراد زخمی ہیں۔انھیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس سال اپریل میں بوشہر کے نزدیک واقع ایک قصبے میں 6.1 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا۔اس کے نتیجے میں سینتیس افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔تاہم اس زلزلے سے روس کی مدد سے تعمیر کردہ جوہری پاور پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ ایران مختلف فالٹ لائنوں پر واقع ہے اور اس کے شہروں اور دیہات میں آئے دن ہلکے،درمیانے اور زیادہ شدت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔
ادھر ایران سے خلیج فارس کے دوسری جانب واقع سعودی عرب کے مشرقی علاقے الجبیل میں بھی زلزلے کی اطلاعات ملی ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے منظرعام پر آنے والی رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز 10.2 میل گہرائی میں تھا۔