لکھنؤ(نامہ نگار)لکھنؤمیٹروریل کارپوریشن نے آئندہ مالی سال میں اپنے تعمیراتی کاموں اور ٹنڈر کیلئے ریاستی حکومت سے ۱۰۰۹کروڑ روپئے کی تجویز بھیجی ہے۔تجویز پر لکھنؤ میٹروریل کارپوریشن بورڈ نے مہر لگادیا ہے۔ ایل ایم آر سی کے ایم ڈی کمار کیشو نے بتایا کہ میٹروکاکام تیزی سے جاری ہے۔آج یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی میٹرو نے کہا کہ پی آئی بی سے منظوری کا انتظارہے ہمیں امید ہے کہ پی آئی بی کے جلسے میں مرکزی حکومت سے منظوری مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ رکنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو کے مختلف خرچوں کیلئے ۱۶۔۲۰۱۵ کا خرچ ریاستی حکومت سے مل جائے گا۔ غیر ملکی بینکوں سے قرض کی فنڈنگ کیلئے بھی بات چیت ہوچکی ہے۔پی آئی بی سے اجازت ملتے ہی قرض مل جائیگا۔ پی آئی بی سے اجازت کیلئے کوشش کے سوال پر انہوںنے کہا کہ میٹرو سے لیکر سرکاری سطح پر اس کے لئے کوشش جاری ہے۔ امید ہے کہ جلد ہوجائے گا۔
مزید دو رِنگ مشینیں آئیں
لکھنؤ میٹرو کیلئے ٹرانسپورٹ نگر سے چار باغ کے درمیان آٹھ کلو میٹر کام تیزی سے جاری ہے۔۹رنگ مشینیں کام کررہی ہیں۔ اب تک روڈ اور ۳۸۰ مقامات پر پائلنگ کا کام ہوچکا ہے۔ میٹرو کے ڈائریکٹر مہیندر کمار نے بتایا کہ میٹرو بورڈ نے ۱۴۵کروڑ کے ٹنڈر کو پاس کردیا ہے۔ اب اسے ایل ایم آر سی جاری کرے گا۔ اس میں سول اور انجینئرنگ کام ہونا ہیں۔ لکھنؤ میٹرو کے راستے میں ریلوے کی لائن اور دیگر معاملات پر میٹرو افسران نے کہا کہ کام مسلسل جاری ہے۔ میٹرو جو بھی کام کرہا ہے وہ ریلوے کو اعتماد میں لیکر کررہا ہے۔
جانچ کیلئے۱۹ مقامات سے حاصل کی گئی مٹی:
لکھنؤ میٹرو کے لئے چار باغ سے منشی پلیا تک مٹی کی جانچ کیلئے ۱۹ مقامات سے مٹی کے نمونے لئے گئے ہیں۔مٹی کے نمونے لینے کا کام مسلسل جاری ہے۔ ڈائریکٹر مہیندر کمار نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ کے درمیان بجلی کی لائنیں ،پانی اور سیور کے ہٹانے کا کام چل رہا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں تشکیل کمیٹی خریدے گی زمین: لکھنؤ میٹرو کیلئے ضرورت کے مطابق حاصل کی جانے والی زمین اور میٹرو اور زمین مالکان کے باہمی تعاون سے مقررہ خاکے پر سمجھوتے کی بنیاد پر خریدی جائے گی۔ہاؤسنگ اور شہری ترقیات محکمہ نے پروجیکٹ کے لئے زمین خریدنے اور اس کی قیمت کے تعین کیلئے ضلع مجسٹریٹ لکھنؤ کی صدارت میں ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل کی ہے۔ کمیٹی میں لکھنؤ میٹرو کے ایم ڈی رکن سکریٹری ہونگے۔ اس میں دیگر اراکین اے ڈی ایم مالیات ، ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ، رجسٹرار لکھنؤ کی جانب سے نامزد ڈپٹی رجسٹرار سطح کے افسر ہونگے۔ زمین کی ادائیگی ودیگر سہولتیں دینے کا کام ایل ایم آر سی کا ہوگا۔