نئی دہلی، 6 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں نوتشکیل شدہ نیشنل انسٹی ٹیوشن آف ٹرانسفارمنگ انڈیا (نیتی ) آیوگ کی پہلی میٹنگ میں ملک کے اہم ماہرین اقتصادیات کے ساتھ اقتصادی صورتحال اور آئندہ بجٹ پر تفصیلی بات چیت کی۔وزیر اعظم یوجنا آیوگ کی جگہ نوتشکیل شدہ نیتی آیوگ کے چیئرمین ہیں اور اس آیوگ میں ان کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ حکومت نے 65 سال پرانے پلاننگ کمیشن کی جگہ نیا ادارہ تشکیل دیا ہے ۔
اس میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے ساتھ ہی آیوگ کے ڈپٹی چیئرمین اروند پنگڑھیا اور کمیشن کے کُل وقتی رکن ڈاکٹر وویک دیو رائے اور ڈاکٹر وی کے سارسوت اور چیف اقتصادی مشیر ڈاکٹر اروند سبرمنیم بھی موجود تھے ۔آزاد ہندستان میں شاید یہ پہلا موقع ہے جب وزیر اعظم نے بجٹ پر ماہرین اقتصادیات اور ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے ۔ روایت کے مطابق وزیر خزانہ بجٹ سے قبل بات چیت کے دوران ماہرین اقتصادیات کے ساتھ تبادلہ خیال کرچکے ہیں لیکن خیال ہے کہ اس میٹنگ میں ہونے والے فیصلے اگلے بجٹ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن 23 فروری سے شروع ہو رہا ہے اور 28 فروری کو اگلے مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔