دبئی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے معروف بولر سعید اجمل کے بولنگ ایکش کو درست قرار دے دیا ہے۔آئی سی سی کے تحت سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا سرکاری بائیو مکینک تجزیہ 24 جنوری کو ہندوستانی شہر چنئی کی لیبارٹری میں ہوا تھا۔سعید اجمل کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گذار ہیں جس نے ان پر اعتماد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن کی درستگی میں ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے بہت زیادہ محنت کی۔خیال رہے کہ گزشتہ برس سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے امپائروں نے سعید اجمل کے مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔اس کے بعد آئی سی سی نے انھیں بولنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے برسبین بھیجا تھا جس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعید اجمل تقریباً 40 ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں جبکہ آئی سی سی کی مقرر کردہ حد 15 ڈگری ہے اس کے بعد سے سعید اجمل کو معطلی کا سامنا تھا۔سعید اجمل اس سے قبل بھی دو مرتبہ غیرسرکاری طور پر بائیو مکینک تجزیہ کرا چکے ہیں تاہم دونوں مرتبہ رپورٹ ان کے لحاظ سے حوصلہ افزا نہیں رہی تھی۔سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178، ون ڈے میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی ہیں۔سعید اجمل اب بھی آئی سی سی کی
عالمی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔