نئی دہلی، 29 نومبر ؛ سپریم کورٹ نے چارہ گھوٹالہ معاملے میں رانچی کی جیل میں بند راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی) کے سربراہ لالوپرساد یادو کی ضمانت کی درخواست پر مرکزی تفتیش بیورو (سی بی آئی) کو آج نوٹس جاری کیا۔چیف جسٹس پی سداشیوم اور جسٹس رنجن گوگوئی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جھارکھنڈ ہائی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی اس درخواست پر سی بی آئی کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتے کے اندر جواب دینے کو کہا ہے۔عدالت نے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لئے 13 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ نچلی عدالت میں ضمانت نہ ملنے کے بعد مسٹر یادو نے جھارکھنڈہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن وہاں ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی جس کے نتیجے میں انہوں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔خیال رہے کہ اس معاملے میں جیل جانے کے بعد ان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔