لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے آج کہا کہ ریاست کی سماج وادی حکومت نے جتنی ترقی کا کام کیا ہے اتنا کام ملک کی کسی ریاستی حکومت نے نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کسانوں کا قرض معاف کیا، آبپاشی کیلئے مفت پانی دے رہی ہے، لوگوں کامفت علاج کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ حکومت ریاست کے چالیس لاکھ غریب کنبوں کو سماج وادی پنشن اسکیم کے ذریعہ ہر مہینے پانچ سو روپئے کی امداد دے رہی ہے۔ مسٹر یادو آج بھدوہی ضلع کی گیان پورتحصیل کے بیرم پور میں منعقد ترقیاتی پروجیکٹوں کے افتتاحی پروگرام کے بعد لوگوں کو خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پچاس کروڑ کی لاگت سے بنی ۱۵ سڑکوںکا بٹن دباکر افتتاح اور ۳۳ کروڑ کی لاگت کی نئی سڑکوں کا بھی افتتاح کیا۔ مسٹر یادو نے ساڑھے چار کروڑ کی لاگت سے بننے والے فائر بریگیڈ اسٹیشن اور ۵ء۱۳ کروڑ کی لاگت سے ایک آشرم اسکول کا بھی افتتاح کیا۔
اس کے علاوہ گوپی گنج، رامپور گھاٹ پر پکے پل کی تعمیر کرائے جانے کا اعلان اور پانی جمع ہونے کا خاتمہ کرنے کیلئے موراواں ندی کی صفائی کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیر تعمیرات عامہ نے کاشی نریش ڈگری کالج گیان پور احاطہ میں سی سی روڈ ، ویٹنگ روم اور تزئین کاری کرانے کیلئے پچیس لاکھ روپئے کی رقم کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت اعلانات میں کم افتتاح میں زیادہ یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ مسٹر یادو نے کہاکہ سماج بہبود محکمہ کے ذریعہ آشرم اسکول کی تعمیر ہو جانے سے ضلع کے غریب کنبوں کے بچوں کو درجہ ایک سے بارہ تک مفت تعلیم، دوائیں اور ڈریس دی جائیں گی۔ مسٹر یادو نے کہاکہ بھدوہی تاریخی ضلع ہے اس کا نام قالین صنعت کے نام سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھدوہی ضلع کے عوامی نمائندوں کے ذریعہ جوبھی ’سڑکیں‘ مانگ کی جائیں گی انہیں کوشش کر کے منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے جو وعدے کئے تھے تین برس میں اسے پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ ریاست کے ایسے غریب کنبوں کو علاج کیلئے سنگین بیماریوں سے متاثر ہیں اور جو پیسوں کی کمی کے سبب علاج نہیں کرا سکتے تھے انہیں علاج کا پورا بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے سماج وادی پنشن اسکیم کے تحت ریاست کے چالیس لاکھ مستفیدین کنبوںکے ہر شخص کو ۵۰۰ روپئے کی شرح سے پنشن دینے کی کوشش کی ہے۔ پروگرام میں وزیر سماجی بہبود اودھیش پرساد، وزیر مملکت برائے اطفال ترقیات اور مقوی غذا کیلاش چورسیا، رکن اسمبلی وجے مشرا، بھدوہی کے زاہد بیگ اور رکن اسمبلی اورائی مدھوبالا، سابق ضلع پنچایت صدر رام للی مشرا، سیما مشرا اور دیگر نمائندے موجود تھے۔