لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ میونسپل کارپوریشن افسران شہر کو صاف بنائے جانے کیلئے مہم چلا رہے ہیں لیکن ملازمین ان کی اس مہم پر پانی پھیر رہے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ یونٹی کالج کے نزدیک لگے کوڑے کے ڈھیر کا تصفیہ نہ ہونے سے آوارہ مویشی منڈراتے رہتے ہیں اور کالج جانے والے طلباء و طالبات کو آمد و رفت میں کافی دقت ہوتی ہے۔ میونسپل کارپوریشن شہر کو صاف بنانے کیلئے صفائی مہم چلاکر لوگوں کو صرف بیدار ہی نہیں کرتا بلکہ ہنگامی معائنہ کے دوران افسران بھی ماتحتوں کو علاقہ میں صفائی کرانے کی ہدایت دیتے ہیں اس کے باوجود حسین آباد وارڈ کے تحت آنے والے یونٹی کالج کے پاس کوڑے کا انبار لگا ہے۔ کوڑے کا انبار لگا ہونے کے سبب آوارہ مویشی بھی وہاں جھنڈ بناکر پہنچتے
ہیں اور کوڑے کو سڑک تک پھیلا دیتے ہیں جس سے ادھر سے گزرنے والوں کو آمد و رفت میں نہ صرف پریشانی ہوتی ہے بلکہ کالج جانے والے طلباء و طالبات کا ادھر سے نکلنا دشوار ہو جاتا ہے۔
یہاں رہنے والے وقار حسین، سجاد ضیا حسین اور رضوان کہتے ہیں کہ کالج کے نزدیک کافی دنوں سے کوڑے کا ڈھیر پڑا ہے۔ کوڑے کے سبب آوارہ مویشی وہاں مزید غلاظت پھیلاتے ہیں جس سے سڑک پر نکلتے ہوئے غلاظت لگنے کا خطرہ بنا رہتا ہے۔ خوف کے سبب ادھر جانے والے بچے بھی کتراتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں گندگی کے سبب کالج کے اندر مسلسل بدبو بنی رہتی ہے۔ محلہ والوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ کے بارے میںکئی مرتبہ شکایت کی گئی لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔