لکھنؤ(نامہ نگار)گومتی ندی کی صفائی کیلئے کڑیا گھاٹ پر تعمیر کیاگیا عارضی پشتہ تیز بہاؤ کے سبب بہہ گیا تھا جس کی وجہ سے تعمیر سات فروری سے شروع ہوئی صفائی مہم بھی متاثر ہو گئی۔ اتوار کو ایک بار پھر ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے تیز بہاؤ کے سبب کٹ گئے پشتہ کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران ضلع مجسٹریت نے پشتہ کے تعمیری کام میں لگے محکمہ آبپاشی کے انجینئر کو بغل سے پشتہ تعمیر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کے پوچھے جانے پر کہ
اچانک پشتہ کیوں کھولنا پڑا، اس پر محکمہ آبپاشی کے انجینئر نے پوری معلومات دی۔
واضح ہو کہ کڑیا گھاٹ پر پانی روکنے کیلئے ایک اہم پشتہ اور ایک معاون پشتہ تعمیر کرنے کا انتظام کیا گیا تھا ۔ مخصوص پشتہ تو پوری طرح سے بند ہے لیکن معاون پشتہ میں پانی کی نکاسی کیلئے کچھ پائپ ڈالے گئے تھے جس میںسے گومتی ندی کا تھوڑا تھوڑا پانی آگے کی جانب جا رہا تھا جس کے سبب ندی سوکھ رہی تھی لیکن پانی کا دباؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے معاون پشتہ سے اتنا پانی نہیں نکل پا رہا تھا جتنا نکلنے کی ضرورت تھی۔ مجبوراً پشتہ کھولنا پڑا تھا۔ اس کی صفائی کیلئے محکمہ آبپاشی کی جانب سے تین صفائی ڈریزنگ مشین اور ۳۵ جے سی بی مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ پشتہ ٹوٹنے کی وجہ سے اب گومتی صفائی کا کام ۱۵فروری سے شروع ہونے کی امید ہے۔