پٹنہ۔ 9 فروری (یو این آئی) بہار کے وزیراعلی جتین رام مانجھی نے کہا کہ انہیں جنتا دل (یو)سے برخاست کئے جانے کا کوئی علم نہیں ہے ۔مسٹر مانجھی نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جنتادل سے برخاست کئے جانے کا کوئی علم نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھلے ہی میڈیا کے لوگوں کو اس کا علم ہو لیکن وہ اس سلسلے میں کچھ نہیں جانتے ۔اس دوران وزیر زراعت اورمانجھی گروپ کے اہم لیڈر نریندرسنگھ نے کہا کہ مسٹر مانجھی جنتا دل لیجس لیچر پارٹی کے رہنما ہیں اور انہیں پارٹی سے برخاست نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار جنتادل یو لیجس لیچر پارٹی کے رہنما نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار ایک نقلی سماج وادی لیڈر ہیں۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے تعاون سے مانجھی حکومت چلے گی۔ انہوں نے کابینہ میں توسیع کے سلسلے میں پوچھے جانے پر کہا کہ یہ وقت آنے پر کیا جائے گا۔
دریں اثنا وزیر ٹرانسپورٹ اور جنتا دل (یو)کے سینئر رہنما رمئی رام نے جتن رام مانجھی کی سیاسی سمجھ بوجھ پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ مسٹرنتیش کمار ہی پارٹی کے غیر متنازعہ رہنما ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلی نتیش کمار جنتا دل یو کے غیر متنازع رہنما ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میں ان کی قیادت میں بننے والی کابینہ میں نائب وزیر اعلی ہوں گا۔مسٹر مانجھی کے بارے میں ایک سوال کو جواب میں انہوںنے کہا کہ ‘‘مجھے حیرت ہے کہ مسٹر مانجھی اب بھی خود کو وزیر اعلی سمجھ رہے ہیں۔ وہ اب وزیر اعلی نہیں رہے ۔انہوںنے مسٹر مانجھی کی سیاسی سمجھ بوجھ پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ ‘‘یہی وجہ ہے کہ وہ ایسی حرکت کررہے ہیں۔