لکھنؤ۔ 9فروری (یو این آئی) اترپردیش کے سرکاری اسپتالوں کو جلد ہی بایومیٹرک لیب کی سہولت سے آراستہ کیا جائے گا۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس کے لئے صوبہ کے تمام اعلی طبی حکام اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹوں سے تجاویز طلب کی گئی ہے تاکہ ضلع اسپتالوں کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر اور ابتدائی طبی مراکز کی سطح پر بھی مریضوں کو اس سہولت کا فائدہ مل سکے ۔ذرائع نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں ہر روز گٹھیا، گردہ، دل، ذیابیطس، خون کی کمی سمیت 23بیماریوں کے مریض پہنچتے ہیں لیکن ان بیماریوں کی فوری جانچ کی سہولت ابھی اسپتالوں میں دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے لئے جانچ رپورٹ کے آنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جانچ رپورٹ آنے میں کئی مرتبہ وقت لگ جاتا ہے لیکن بایومیٹرک لیب بن جانے سے ان بیماریوں کے مریضوں کو جانچ رپورٹ فوراً مل جائے گی۔ا س رپورٹ کے لئے انہیں صرف چند گھنٹوں کا انتظار کرنا ہوگا اور رپورٹ بھی بالکل درست ہوگی۔