لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔کاکوری علاقہ میں شراب پینے کے بعد ایک شخص نے حاملہ خاتون کے ساتھ عصمت دری کرنے کی کوشش کی۔ خاتون نے جب اس کی مخالفت کی تو اس نے خاتون کو زد و کوب کیا اور جان سے مارنے کی دھمکی دے کر فرار ہو گیا۔ متاثرہ مد[د کی فریاد کرتے ہوئے پولیس کے پاس پہنچی۔ تھانہ سے پولیس اہلکار نے اسے برا بھلا کہہ کر بھگا دیا۔ اس کے بعد خاتون نے اس بات کی شکایت ۱۰۹۰ پر بھی کی لیکن وہاں سے بھی اسے کوئی مدد نہیں حاصل ہوئی۔ کاکوری پولیس نے پریشان خاتون سے ایس ایس پی رہائش گاہ آکر مدد کی فریاد کی ہے۔ دوبگا چوکی کے امرپالی اسکیم میں احمد علی اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔
کنبہ میں اس کے ساتھ اس کی شادی شدہ بیس سالہ بیٹی ارم(تبدیل شدہ نام) بھی رہتی ہے۔ اس کے پیٹ میں چھ ماہ کا حمل ہے۔ متاثرہ کے مطابق گزشتہ اتوار کو تقریباً دو بجے اس کے والدین سامان خریدنے دوبگا گئے تھے۔ وہ گھر پر تنہا تھی۔اس درمیان حیات نگر میں رہنے والا شرابی نندو پانی پینے کے بہانے اس کے گھر میں داخل ہوا اور ارم کو کمرے میں کھینچ کر لے گیا اور اس کے ساتھ عصمت دری کرنے کی کوشش کرنے لگا۔
ارم نے مخالفت کی تو اسے مارنے پیٹنے لگا۔ اس پر ارم نے شور مچا دیا تو پڑوسی دوڑ کر آئے۔ اس درمیان شرابی ارم کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فرار ہو گیا۔ جب ارم کے والدین گھر لوٹے تو اس نے آپ بیتی سنائی جس کے بعد کنبہ والے متاثرہ کو دوبگا چوکی لے گئے۔ جہاں انہوںنے پولیس کو تحریر لکھ کر دی لیکن پولیس نے وہاں سے انہیں بھگا دیا۔ تین دن گزر جانے کے بعد کاکوری تھانہ پر بھی انصاف نہ ملنے سے ناراض اہل خانہ منگل کو ایس ایس پی کی رہائش گاہ پہنچے جہاںانہوں نے مذکورہ شرابی کے خلاف کارروائی کرنے اور تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نندو متاثرہ کے پڑوس میں ایک ہوٹل ہے جہاں روزانہ بیٹھ کر شراب پی کر سب کو گالیاں دیتا ہے۔