چنئی ۔ بالی وڈ اداکارہ پریا بینرجی نے کہا ہے کہ وہ سنجے گپتا کی فلم’’جذبہ‘‘ میں وہ کردار ادا کررہی ہیں جو ان کا خواب تھا۔ فلم’’جذبہ‘‘ جس کی لیڈ کاسٹ میں ایشوریا رائے بچن شامل ہیں ، میں پریا سائڈ ہیروئن کا رول ادا کررہی ہیں تاہم اداکارہ نے کہا ہے کہ اس فلم کے ذریعہ ہندی فلم انڈسٹری میں ان کی ’’ڈریم انٹری‘‘ ہوگی اور فلم میں ان کا کردار من چاہا ہے جس کا انہوں نے خواب دیکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سنجے نے ان کا انتخاب ٹوئٹر پر ان کی ویڈیو دیکھ کر کیا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ شبانہ عظمی ، عرفان خان اور ایش جیسے منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کریں گی گو کہ وہ جونیئر ہونے کی وجہ سے شاید بے حد دبائو میں رہیں لیکن میں اپنے کام سے سب کے دل جیتوں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ یہ فلم ان کیلئے مرو یا کرو جسی صورتحال کی حامل ہے۔
اس فلم میں پریا شبانہ عظمی کی بیٹی بنیں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ فلم بین اس فلم میں ان کے کردار کو آسانی سے بھلا نہیں پائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے زیادہ تر سین اداکارہ شبانہ عظمی کے ہمراہ ہیں اس لئے فلم بینوں کیلئے ان کو نظر انداز کرنا ممکن نہ ہوگا۔ پریا انوپم کھیر کے اداکاری کے سکول’’ایکٹنگ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کی طالبہ بھی ہیں اور انوپم خود بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔ پریا بینرجی نے تیلیگو زبان کی دو فلموں میں کام کیا ہے اور وہ کینیڈا میں پیدا اور بڑی ہوئی۔ اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی ہندی بری نہیں ہے۔ پریا نے اس امید کا اظہارکیا کہ فلم جذبہ سے ان پر بالی وڈ کے دروازے کھل جائیں گے۔