لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ اترپردیش کے وزیر تعمیرات عامہ اور آبپاشی و ریونیو شیو پال سنگھ یادو نے ریاست کے تمام افسروں کو ہدایت دی کہ عوام کی جانب سے آنے والی شکایتوں کی فوری جانچ کر کے اس کا تصفیہ جلد از جلد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر شکایتوں کی جانچ کے نام پر اور اس کے تصفیہ کیلئے ریاست کے عوام کو پریشان نہ کیا جائے۔ مسٹر یادو نے افسروں کو ہدایت دی کہ ہر دن طے شدہ وقت پر دفتر میں بیٹھ کر عوام سے ملیں اور ان کے مسائل سن کر متعلقہ افسروں کو ضروری ہدایت دے کر تصفیہ کرائیں۔ مسٹر یادو سے آج سماج وادی پارٹی صدر دفتر میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ملاقات کر کے اپنے مسائل سے روشناس کرایا۔ مسٹر یادو نے عوام کی شکایتوں کو سنجیدگی سے سنا۔ ریاست کے متعدد اضلاع سے آئے عوام کو انہوں نے یقین دہانی دی کی ریاستی حکومت عوامی مسائل کے تصفیہ کیلئے سنجیدہ ہے اس میں کسی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوںنے ہرفریادی کے پاس جاکر ان کے مسائل کو سنا اور ان سے کہا کہ مسائل کے تصفیہ میں جو بھی افسر رخنہ پیدا کرے گا یا انہیں ادھر اُدھر بھٹکائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کی شکایتوں کو فوری علم میں لیکر ضروری کارروائی یقینی بنائی جائے۔ مسٹر یادو نے عوام کی شکایتوں پر موقع پر ہی ضلع کے متعلقہ افسروںسے فون پر بات کر کے ان کے مسائل کو فوری تصفیہ کرنے کی ہدایت دی۔