فلم بینوں کو توقع ہے کہ فہد مصطفیٰ لوگوں کے ذہنوں میں ہمیشہ کے لئے ’میر تقی میر‘ بن کر چھا جائیں گے۔ فہد کے مقابلے میں ’ماہ میر‘ میں ایمان علی ’مہتاب‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ایمان نامور ایکٹر عابد علی کی بیٹی ہیں۔ کامیاب ماڈلنگ کے علاوہ کئی ہٹ فلمیں بھی ان کے کریڈیٹ پر ہیںپاکستانی ویورز فلم ’ماہ میر‘ کے کم از کم ایک سال سے منتظر ہیں۔ سننے میں آ رہا ہے کہ جلد ہی یہ انتظار ختم ہوجائے گا؛ اور فلم سال رواں کے وسط تک ریلیز کردی جائے گی۔جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ اردو زبان و ادب کے معروف شاعر میرتقی میر کی زندگی پر مبنی فلم ہے۔ فلم اور ٹی وی کے اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے میر تقی میر کا کردار ادا کیا ہے۔فلم بینوں کو ان کی حالیہ فلم ’نامعلوم افراد‘ دیکھ کر یہ توقع ہے کہ فہد بھی بالی ووڈ ایکٹر نصیر الدین شاہ کی طرح لوگوں کے ذہنوں میں ہمیشہ کے لئے ’میر‘ بن کر چھا جائیں گے۔ٹی وی سیریل ’مرزا غالب‘ میں نصیرالدین شاہ نے اس کمال فن سے مرکزی کردار ادا کیا تھا کہ جب بھی مرزا غالب کا نام لیا جاتا ہے نئی نسل کے ذہن میں نصیر الدین شاہ کا گیٹ اپ گھوم جاتا ہے۔
فہد کے مقابلے میں ایمان علی ’مہتاب‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، اعلیٰ خان اور منظر صہبائی کا نام بھی شامل ہے۔فلم کے ڈائریکٹر انجم شہزاد ہیں، جبکہ پروڈیوسر خرم رانا، ساحر رشید اور بدر اکرام ہیں۔ایمان علی نے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تھا۔ اس دوران، انہیں پاکستان کے علاوہ مہنیش ملہوترا، جے جے واہلیہ، سونیت ورما جیسے معروف انڈین ڈریس ڈیزائنرز کے ساتھ کام کرنے کا بھی موقع ملا۔ایمان علی پاکستان کے نامور ایکٹر عابد علی کی صاحبزادی ہیں۔ انہیں پاکستان کے انتہائی باصلاحیت لوگوں میں شمار ہونے والے ڈائریکٹر شعیب منصور کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ ’عشق محبت اور اپنا پن‘ ٹی وی پر آتے ہی چھا گیا تھا۔اس کے علاوہ وہ شعیب منصور کی پہلی فلم ’خدا کے لیے‘ میں بھی شان، فواد خان اور نصیر الدین شاہ جیسے اسٹارز کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔ ایک اورکامیاب فلم بھی ایمان علی کے کریڈیٹ پر ہے جس کا نام ہے۔۔۔’بول‘۔فلم ’ماہ میر‘ کے ڈائریکٹر انجم شہزاد کے مطابق، ’ایمان علی نے فلم بول میں ایک طوائف مینا اور سبینا کا دوہرا کردار جس خوبصورتی اور مہارت سے نبھایا تھا اسے نظر میں رکھتے ہوئے ہی انہوں نے ایمان علی کو ’ماہ میر کی مہتاب کا کردار آفر کیا۔‘شہزاد کا کہنا ہے کہ ’ماہ میر‘ ایمان علی کے کیریئر کی یادگار فلم ہوگی۔