لکھنؤ:مڑیاؤں علاقہ میں تیز رفتار وین نے وکرم گاڑی کے دوڈرائیوروں کو کچل دیا اس حادثہ میں ایک ڈرائیور کی موت ہو گئی جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہو گیا۔ فرار ہونے کی کوشش میں بے قابو وین سامنے کھڑے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ جس سے وین ڈرائیور کی بھی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ وین میں سوار دو خواتین سمیت تین افراد شدید طور سے زخمی ہو گئے۔
لکھنؤ سے سیتاپور کی طرف جا رہی تیز رفتار وین (یو پی ۳۴؍ایف ۷۳۴۰) نے گولڈن ریڈیم موٹر شو ہاؤس کے نزدیک کھڑے وکرم میں اسٹیکر لگا رہے بنتھرا کے سکندر پور کا ۲۸سالہ دیپک کمار اور اس کا دوست شیوپورا گاؤں کے ۳۰سالہ موہت کو کچل دیا۔ دونوں کو روندنے کے بعد وین ڈرائیور سیتا پور کے عالم نگر میں رہنے والے سنجے سکسینہ نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن بے قابو ہو کر وہ سامنے کھڑے ڈمپر سے ٹکرا گیا۔ جس سے موقع پر ہی سنجے کی موت ہو گئی۔ جبکہ وین میں سوار ۲۲سالہ پراچی، ۴۵سالہ انیتا اور سنتوش شدید طور سے زخمی ہوگئے جائے حادثہ پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے موہت، دیپک، سنتوش ، انیتا اور پراچی کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں دوران علاج موہت کی بھی موت ہو گئی اور دیگر چاروں زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ دوسری جانب بخشی کاتالاب کے نبی کوٹ نندنا کا رہنے والا ۲۴سالہ انوج سنگھ منگل کو موٹرسائیکل سے ارم اسپتال جا رہا تھا کہ بھٹولی کراسنگ کے نزدیک تیز رفتار ٹریکٹر نے اسے ٹکر مار دی مقامی لوگوں نے اسے نجی اسپتال میں داخل کرایا جہاں جمعرات کو اس کی موت ہو گئی۔انوج ارم اسپتال میں آکسیجن سپلائی کا کام کرتا تھا۔
وہیں حسن گنج تھانہ حلقہ کے تحت مدح گنج کے نزیک تیز رفتار ایمبسڈر کار یو پی ۳۲؍اے ایم ۷۰۷۲نے تالکٹورہ عالم نگر کے پریم چندر گپتا کو ٹکر ماردی۔ جس سے وہ شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے ڈرائیور وجے کمار ورما کو پکڑ کر اس کی پٹائی کر دی اور کار کے شیشے توڑ دیئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار پر نیلی بتی لگی تھی اور گاڑی مڑیاؤں کے سرورا گاؤں کے پی ڈبلیو ڈی کے ایکس سی این راجیوکمار شرما کی بتائی جا رہی ہے لیکن پولیس اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار کر ر ہی ہے۔