لکھنؤ۔ 14فروری (یو این آئی) اترپردش کے لکھنؤ اور اناؤ میں زہریلی شراب پینے سے ہونے والی اموات کے بعد ریاست کاپولیس محکمہ سخت ہوگیاہے جس کے تحت اب شراب کی اسمگلنگ کرنے والوں پر گینگسٹر ایکٹ لگایا جائے گا۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اس سلسلہ میں ریاست کے تمام پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں ریاست کے تمام پولیس سربراہوں کو غیرقانونی شراب ک
ی اسمگلنگ کے جرم میں پکڑے گئے لوگوں کے خلاف آبکاری ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ پکڑے گئے ان لوگوں کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اس کاروبار سے ہونے والی تمام منقولہ اور غیرمنقولہ املاک کو ضبط کرنے کی کارروائی کی جائے ۔ اس کے ساتھ ہی نہایت حساس مقامات پر قائم ڈھابوں کی وقفہ وقفہ سے چیکنگ کرائی جائے ۔خیال رہے کہ راجدھانی لکھنؤ اور اناؤ میں گزشتہ مہینے زہریلی شراب پینے سے کئی لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔