لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ اور آبپاشی شیو پال سنگھ یادو نے بارہ بنکی کے کسان منسا رام کو ریکارڈ پیداوار کیلئے مبارک باد دی۔ بارہ بنکی ضلع کے حیدر گڑھ تحصیل میں سنسارا گنگا پور گاؤں کے رہنے والے دسویں جماعت پاس نوجوان کسان منسا رام نے ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ اور آبپاشی سے ان کی رہائش گاہ سات کالی داس مارگ لکھنؤ پر ملاقات کی اور گزشتہ خریف فصل میں سائنسدانوں کے بتائے طریقہ سے دھان، گیہوں کی خرید کر کے ریکارڈ پیداوار کرنے کی اطلاع دی۔ منسا رام نے ایک ہیکٹئر رقبہ میں ۲۸۰ کنتل گیہوں اور ۱۶۳ کنتل د
ھان کی پیداوار کر کے بین الاقوامی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ منسا رام اپنی محنت اور لگن کی بدولت نہ صرف یہ ریکارڈ بنایا بلکہ فی ایکڑ کمائی میں بھی اپنا مقام قائم کر کے ریاست کا سر فخر سے اونچا کیا۔ انہوںنے کہا کہ ریاست کے دیگر کسانوں کو بھی منسا رام سے سبق لینا چاہئے اور سائنسی طریقہ سے کھیتی کر کے خود کفیل بننا چاہئے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اگر ریاست کے کسان منسا رام سے سبق حاصل کر کے کھیتی کریں تو ’مٹی سونا اگلتی ہے‘ اس کہاوت کو صحیح ثابت کر سکتے ہیں۔ مسٹر یادو نے منسا رام کو یقین دلایا کہ حکومت کسانوں کیلئے جو بھی بن پڑے گا وہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مسلسل کسانوں کو پانی اور بجلی مہیا کرانے کیلئے کوشاں ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ کسان منسا رام کو آپریٹیو؍ایفکو سے بھی تربیت دلانے کی یقین دہانی کرائی۔